کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ملک بھر کی طرح بانی پاکستان اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش جمعرات 25دسمبر کو کراچی میں بھی انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا،اس موقع پر نجی اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے،خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ،صبح کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21, 21توپوں کی سلامی سے ہوگا،مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی ہوگی، مملکت پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب ہوگی، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دستہ گارڈز کے فرائض سنبھالے گا۔