کراچی ( اسٹاف رپورٹر )مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، نشے کی عادی خاتون کی لاش ملی،تفصیلات کے مطابق ہاکس بے مشرف موڑ کے قریب کرنٹ لگنے سے 45 سالہ محمد مقبول جاں بحق ہوگیا ، ڈالمیا کلاچی سوسائٹی کے قریب کام کے دوران زیر تعمیر بلڈنگ سے گر کر مزدور 22 سالہ محمد اصغر جاں بحق ہو گیا ، ایف ٹی سی پل کے قریب تیز رفتار کار فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 24 سالہ عادل ولد فیاض شدید زخمی ہو گیا ، دریں اثنا غریب نواز کالونی میں ایک خاتون کی لاش ملی،پولیس کے مطابق خاتون نشے کی عادی معلوم ہوتی ہے، متوفیہ کی عمر 30سے 32 برس، شناخت نہ ہونے پر لاش کو سردخانے منتقل کر دی ، بلدیہ نمبر 4 میں واقع لکڑی کے گودام سے 61سالہ محمد علی ولد حمید علی کی تشدد زدہ لاش ملی ، پولیس کے مطابق مقتول کو سر اور منہ پر ڈنڈے کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے،مقتول گودام میں چوکیدار، مدینہ کالونی بلدیہ کا رہائشی اور پانچ بچوں کا باپ تھا، ڈیفنس ویو فیز ون میں واقع فلیٹ سے 36 سالہ غلام فاروق ولد محمد سومار ساجد کی پھندہ لگی لاش ملی ، پولیس نے بتایا کہ متوفی لاء کا طالبعلم اور ذہنی طور پر پریشان تھا،اس نے فلیٹ کے اندر پنکھے سے پھندا لگا کر مبینہ خودکشی کر لی ،واضح رہے کہ رواں برس اب تک 156افراد کی پھندہ لگی لاشیں ملی ہیں جن میں 30 خواتین ،125مرد اور ایک خواجہ سراء شامل ہے۔