حکومت سیلاب متاثرین کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے‘ علی مدد جتک

April 16, 2024

کوئٹہ (خ ن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ حکومت پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر بارشوں اور سیلاب کے پانی کو نکالنے اور لوگوں کو مشکلات سے چھٹکارا دلانے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے اور بارشوں کے آنے والے اسپیل سے لوگوں اور علاقوں کو محفوظ رکھنے کے لئے بھی منصوبہ بندی کرلی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ پہنچنے کے بعد اپنے حلقہ پی بی 45 میں بارشوں سے متاثرہ مختلف علاقوں اور امدادی کاموں کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میر ولی محمد قلندرانی ، سردار ثناءاللہ ابابکی، سعد اللہ جتک سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔علی مدد جتک نے کہا کہ میں آج ہی کوئٹہ پہنچا ہوں اور گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے میرے حلقے کے مختلف علاقے متاثر ہوئے ہیں اس لئے میں نے فوری طور پر پی ڈی ایم اے اور دیگر انتظامی آفیسران اور حکام کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کرکے امدادی کاموں کو مزید تیز کرکے لوگو ںکو مشکلات سے نجات دلانے کے لئے ہدایت دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے لوگوںکو مسائل سے چھٹکارا دلائے اس لئے ہم تمام دستیاب وسائل اور پی ڈی ایم اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت ضلعی انتظامیہ ہیوی مشینری اور عملے کی مدد سے متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے اور لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔