بارشوں سے جوائنٹ روڈ بری طرح متاثر ہوا‘ ن لیگ کوئٹہ

April 16, 2024

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے سابق صدر ارباب اقبال، جنرل سیکرٹری جاوید اعوان و سابقہ کابینہ کے دیگر ارکان نے کہا ہے کہ ایک ہفتے سے جاری بارش سے جہاں پورا شہر متاثر ہوا وہاں ریلوے کالونی جوائنٹ روڈ پر گزرنے والے برساتی نالے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے عوام کا قیمتی سامان تباہ ہوگیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پشتون آباد ، کواری روڈ، خدائیداد روڈ، امداد چوک سے آنے والے پانی کی وجہ سے جہاں پورا علاقہ سیلاب کا منظر پیش کرتا ہے وہیں پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے ان کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومت میں یہ کہا جاتا ہے کہ پشتون آباد اورپرنس روڈ سے آنے والے پانی کو وائٹ روڈ سے مین نالے میں گرایا جائے گا لیکن تاحال اس منصوبے پر کسی بھی حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا کہ ریلوے کالونی کے مکینوں کے دیرینہ مسئلے کو حل کرتے ہوئے نکاسی آب کے اس منصوبے کو فوری طور پر مکمل کیا جائے ۔درایں اثناء بیان میں بارشوں سے صوبے بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی گئی کہ فوری طور پر بارش متاثرین کی ریلیف کیلئے اقدامات کئے جائیں۔