سلامتی کونسل نے حماس حملوں کی مذمت نہیں کی، فلسطین کی مکمل رکنیت کیلئے تیار ہے، اسرائیل

April 18, 2024

سلامتی کونسل میں اسرائیلی مندوب(تصویر سوشل میڈیا)۔

فلسطین کی مکمل رکنیت کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں میں بحث کے دوران اسرائیل کے مندوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل نے اب تک حماس اور اس کے حملوں کی مذمت نہیں کی، لیکن فلسطین کی مکمل رکنیت کیلئے تیار ہے۔

عرب میڈیا کے مطابقاسرائیلی مندوب کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کیلئے اس اجلاس کے انعقاد سے بڑا کوئی انعام نہیں۔

انھوں نے کہا فلسطینی حکومت کی غزہ کی پٹی پر کوئی عملداری نہ ہونے کے باوجود سلامتی کونسل فلسطین کو مکمل رکنیت دینا چاہتا ہے۔

اسرائیلی مندوب کا کہنا تھا کہ اگر فلسطینی ریاست کو مکمل رکنیت فراہم کی تو سلامتی کونسل دہشت گرد کونسل میں تبدیل ہو جائے گا۔

اسرائیلی مندوب نے کہا فلسطینی ریاست کو مکمل رکنیت دینے سے آئندہ کوئی بھی امن مذاکرات ناممکن ہو جائے گا۔ اجلاس میں 7 اکتوبر کے منصوبہ ساز ایرانی مندوب کی موجودگی ثبوت ہے کہ اقوام متحدہ دہشت گردوں کے اکھاڑے میں تبدیل ہوگیا ہے۔

اسرائیلی مندوب نے کہا اجلاس میں ایرانی نمائندگی اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔