فارن ورتھ وارڈ کے عوام 2 مئی کو کنزرویٹو پارٹی کے حق میں فیصلہ دینگے، چوہدری مظہر اقبال

April 21, 2024

گریٹر مانچسٹر/ بولٹن (ابرار حسین) بولٹن کی فارن ورتھ نارتھ وارڈے کنزرویٹو پارٹی کے نامزد امیدوار چوہدری مظہر اقبال نے کہا ہے کہ2مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملک کی نئی سمت کا تعین کریں گے۔ عوام کی بھاری اکثریت ٹوری پارٹی کے حق میں فیصلہ دے کر ثابت کرے گی کہ ٹوری پارٹی کی موجودہ قیادت ہی ملک کو درپیش مسائل سے نکال سکتی ہے اور آنے والے وقتوں میں نہ صرف بین الاقوامی بلکہ مقامی سطح پر بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے دوران روزنامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فارن ورتھ میں عرصہ دراز سے لیبر پارٹی کا کنٹرول ہے جس کے دوران اس واڈ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا۔ ماضی میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں فلائی ٹیپنگ اور سڑکوں کی صفائی کے مسئلے کے علاوہ دیگر اہم امور پر کونسل کی توجہ دلائی گئی مگر بہتر نمائندگی نہ ہونے کے باعث فارن ورتھ وارڈ کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام بہتر تبدیلی کے لیے2مئی کو اپنا فیصلہ سنائیں تاکہ آنے والے وقتوں میں ان کے مسائل حل کیے جاسکیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ایسے نمائندوں کو ووٹ دیں جو بہتر تبدیلی لاسکتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیکسی ڈرائیوروں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کونسل میں ان کی شنوئی نہ ہونے کے باعث طرح طرح کے مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اپنی کامیابی کی صورت میں ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انتخابی مہم کے دوران ان کے ساتھ موجود ملک ازکار حسین، ملک انوار حسین نے چوہدری مظہر اقبال کی انتخابی مہم کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گو مقابلہ سخت ہے۔ مگر ان کو نہ صرف پاکستانی و ایشیائی بلکہ دیگر کمیونٹیز میں بھی جس طرح اپنی پذیرائی مل رہی ہے اس سے لگتا ہے کہ چوہدری مظہر اقبال2مئی کو بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر بولٹن کونسل کے ایوانوں میں اپنی وارڈ کی نمائندگی کریں گے۔