ضرورت مند ممالک کیلئے سعودی امداد 129 ارب ڈالر ہوگئی

April 21, 2024

ریاض (صباح نیوز)سعودی عرب کی امدادی پلیٹ فارمسعودی ایڈ پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ انتہائی ضرورت مند ممالک کو دی جانے والی امداد کی مالیت 483.75ارب ریال (129ارب ڈالر) ہوگئی ہے۔ العربیہ کے مطابق عطیہ دہندگان کے ذریعے فراہم کی جانے والی یہ امداد بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ امداد گرانٹس کی شکل میں دی جانے والی نقدی، خیرات اور نرم قرض کی شکل میں فراہم کی جاتی ہے۔سعودی ایڈ پلیٹ فارم کے مطابق مملکت کی طرف سے لاگو کیے گئے ترقیاتی اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کی تعداد تقریباً 6856تک پہنچ گئی جبکہ ان منصوبوں سے مستفید ہونے والے ملکوں کی تعداد تقریباً 169تک ہوگئی ہے۔پلیٹ فارم کے اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ سعودی امداد سے مستفید ہونے والوں میں 5ممالک سرفہرست ہیں، سب سے زیادہ امداد لینے والا ملک مصر ہے جس نے 32ارب ڈالر کی امداد وصول پائی، 26بلین ڈالر کے ساتھ یمن دوسرے نمبر پر ہے۔تیسرے نمبر پر پاکستان ہے جسے سعودی عرب کی جانب سے انسانی اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے 12.778 ارب ڈالر فراہم کئے گئے۔ شام 7.332ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے ، پانچویں نمبر پر عراق ہے جس نے 7.330 ارب ڈالر کے لگ بھگ امداد پائی جبکہ فلسطین 5.258ارب ڈالر امداد کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔