61 سالہ شخص نے’’ بائیو ہیکنگ‘‘ سے عمر 38 سال کر لی

April 21, 2024

مشی گن (نیوز ڈیسک) 61سالہ امریکی شہری نے بائیو ہیکنگ سے اپنی عمر 38سال کرنے کا دعویٰ کر دیا۔ امریکی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والے 61 سالہ ڈیو پاسکو حال ہی میں صحت اور لمبی عمر کے لیے اپنے منفرد طرز زندگی کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ خود کو بائیو ہیکر سمجھنے والے پاسکو کا دعویٰ ہے کہ وہ خوراک، ورزش اور سپلی منٹس پر مشتمل سخت طرز عمل کے ذریعے اپنی حیاتیاتی عمر کو 38سال کی عمر میں تبدیل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔پاسکو طلوع آفتاب سے پہلے قدرتی طور پر جاگتا ہے، باہر کافی وقت گزارتا اور سخت ورزش کرتا ہے، وہ ایک مخصوص ڈائٹ پلان پر عمل کرتا ہے اور ہر روز 158سپلیمنٹس لیتا ہے۔پاسکو کی کہانی نے بائیو ہیکنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان میں دلچسپی کو جنم دیا ہے۔واضح رہے کہ بائیو ہیکنگ ایک اصطلاح ہے جس میں انسان اپنی جسمانی صلاحیت کو بڑھانے اور لمبی عمر پانے کے لیے مختلف طریقوں پر عمل کرتا ہے جس میں خوراک، سپلیمنٹس اور ورزش وغیرہ شامل ہیں۔دی نیویارک پوسٹ سے بات چیت میں پاسکو نے کہا میرا وقت میرے لیے بہت اہم ہے جسے میں اچھی طرح شیڈول کرتا ہوں۔پاسکو کا کہنا ہے کہ وہ شاذ و نادر ہی دوپہر کا کھانا کھاتا ہے اور اس کے بجائے شام میں 3سے 5بجے تک رات کا کھانا کھانے کو ترجیح دیتا ہے۔پاسکو نے کہا کہ اُس کے کھانے میں عام طور پر مختلف قسم کی تازہ سبزیاں، گائے کا گوشت، چکن یا مچھلی شامل ہوتی ہے، وہ اپنے کھانوں میں باقاعدگی سے لہسن بھی شامل کرتا ہے۔