ہائیکورٹ:آرپی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی کو نوٹس،پیرا وائز کمنٹس طلب

April 23, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے ریجنل پولیس آفیسر ملتان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتےمیں پیرا وائز کمنٹس طلب کرلئے ہیں ۔پیٹیشنر اریاض جنید خان عرف ارباز خان کے وکیل نے فاضل عدالت کو آگاہ کیا کہ سب انسپکٹر تھانہ سٹی میلسی اس کے موکل کو ہر مقدمہ میں ملوث کررہاہے اور ہر ایف آئی آر میں یہ درج کردیتاہے کہ اربازخان موقعہ سے فرار ہوگیا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس نے مقدمہ نمبر 1323 گیارہ بجکر 5 منٹ پر درج کیا۔دوسرے وقوعہ کی ایف ائی ار 11 بج کر 25 منٹ پر تیسرے کی 11 بج کر 35 منٹ پر اور چوتھے وقوعہ کی 11 بج کر 45 منٹ پر ایف ائی آر درج کی جبکہ ان جائے وقوعہ کا اپس میں دو سے چار کلومیٹر کا فاصلہ ہے دریں اثنا ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے پیرا وائیز کمنٹس طلب کر لیے ہیں، پٹیشنر جاوید عزیز عرف محمد خالدعزیز کے وکیل نے فاضل عدالت کو آگاہ کیا کہ پٹیشنر کے والد عبدالعزیز نے تحصیل کوٹ ادو میں پٹے پر اراضی الاٹ کرائی تھی۔19 مارچ 1995 کو اس رقبے کے حکومت نے مالکانہ حقوق دے دیئے اور ان سے مقررہ رقم وصول کر لی لیکن اب راسسٹنٹ کمشنر نے انہیں گندم کی فصل اٹھانے سے روک دیا ہے اور وہ لیز کی رقم طلب کر رہے ہیں جبکہ مالکانہ حقوق رکھنے والے کسی بھی شہری سے لیز کی رقم وصول نہیں کی جا سکتی انہوں نے فاضل عدالت سے استدعا کی کہ انہیں فصل اٹھانے کی اجازت دی جائے اور ڈپٹی کمشنر کو غیر قانونی اقدامات سے روکا جائے فاضل عدالت نے ائندہ سماعت تک کے لیے کاروائی معطل کر دی۔