پنجاب حکومت متنازع ہتک عزت بل 2024ء واپس لے، حافظ نعیم

May 24, 2024

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے صحافی تنظیموں کو متنازع پنجاب ہتک عزت بل 2024ء کے خلاف احتجاج میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکمراں طاقت کے زور پر آزادی اظہار رائے کو کنٹرول کرنے کی کوشش نہ کریں، فارم 45 کے ہوتے ہوئے نئے الیکشن کی ضرورت نہیں،عوامی مینڈیٹ بحال کیا جائے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد کے ہمراہ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی نہ صرف ہتک عزت بل کی واپسی کا مطالبہ کرتی ہے بلکہ چاہتی ہے کہ پیمرا، پیکا اور دیگر ایسے قوانین جو جمہوریت کے منافی ہیں پر بھی نظرثانی کی جائے۔ قبل ازیں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد جو کہ ارشاد احمد عارف، نوید کاشف، ایاز خان، کاظم خان، ارشد انصاری، حافظ طارق محمود، محمد عثمان اور عرفان اطہر پر مشتمل تھا، نے منصورہ میں امیر جماعت سے ملاقات کی اور انھیں ہتک عزت بل کے بارے میں بریف کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پی بی سی، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے، ایمنڈ اور لاہور پریس کلب کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔ وفد نے امیر جماعت کو پنجاب اسمبلی سے حال ہی میں پاس ہونے والے ہتک عزت بل کے بارے میں بریف کیا۔