کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیا ء عباس نے کہا ہے کہ اسلامی ملکوں کو ہوش سے کام لے کر اپنے اتحاد کو مضبوط بنانا ہوگا، اسرائیل کے مظالم کو زندہ رکھنے کے لئے یمن، سعودی عرب، متحدہ امارات اور ایران میں امریکا نیا پنڈو را باکس کھول رہا ہے جس کا مقصد فلسطینی عوام کے حق میں مسلم ملکوں کی یک جہتی کو پارہ پارہ کرنا ہے تاکہ مسلمان ملکوں کی فلسطین اور کشمیر میں اسرائیل اور بھارت کی دہشت گردی اور مظالم سے توجہ ہٹائی جاسکے، دوسری جانب امریکا ایک بار پھر ایران کے خلاف جنگ کے موڈ میں نظر آرہا ہے، جس سے خطے میں صورت حال کے بگڑنے کا اندیشہ ہے،انہوں نے کہا کہ ایک طرف فلسطین میں مظالم جاری ہیں تو دوسری جانب کشمیر کے ساتھ اب بھارت میں بھی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف حکومتی کارروائی سے میں خوف وہراس میں مزید اِضافہ ہورہا ہے،کرسمس کے موقع پر ریاستی سرپرستی میں توڑ پھوڑ اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا جس نے مودی حکومت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، ان حالات میں امت مسلمہ کا یکجا ہونا انتہائی ضروری ہوگیا ہے،آپس کے انتشار سے مسلم قوم کمزور ہوگی جس کا احساس عالم اسلام کے رہنماؤں کو سنجیدگی سے کرنا ہوگا۔