اسلام آباد( رپورٹ:،رانا مسعود حسین) انسداد دہشتگردی عدالت نے شاہین صہبائی، عادل فاروق راجہ، سید حیدر رضا مہدی اور وجاہت سعید خان کے خلاف دہشت گردی مقدمات میں سزا کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جج طاہر عباس سپرا کی عدالت سے جاری تفصیلی فیصلہ کے مطابق ملزمان کو دفعہ 121 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے،دفعہ 121 کے تحت تمام ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی،ہر ملزم پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، ملزمان کو دفعہ 120 بی کے تحت بھی عمر قید با مشقت کی سزا سنائی گئی ہے، دفعہ 121 اے کے تحت ملزمان کو دس دس سال قید با مشقت کی سزا دی گئی ہے، دفعہ 131 کے تحت بھی ملزمان کو دس دس سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی،انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11-W کے تحت پانچ پانچ سال قید با مشقت کی سزا دی گئی، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 21 آئی کے تحت بھی پانچ سال قید با مشقت سنائی گئی،انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 آئی کے تحت بھی پانچ سال قید با مشقت کی سزا دی گئی،تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی،تاہم ملزمان کو دفعہ 382 بی کے تحت عرصہ حوالات(اگر کوئی زیر حراست رہا ہو تو) کو قید میںشامل کرنے کی رعایت دی گئی ہے،عدالت نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے، تھانہ رمنا اسلام آباد میں 10 جون 2023 کوایک مقدمہ درج کیا گیا تھا،ملزمان پر تعزیراتِ پاکستان اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ چلایا گیا،عدالت نے ملزمان کا ٹرائل انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 19(10) کے تحت غیر حاضری میں مکمل کیا ہے۔