اسلام آباد( تنویر ہاشمی ،کامرس رپورٹر )ایف بی آر نے قانون کی خلاف ورزی پر ایک شوگر ملز میں دو پیداواری لین سیل کردیں ، شوگر ملز نے دو پیداوار ی لین پر ڈیجیٹل ویڈیو کیمرے اوراین وی آر سسٹم نصب نہیں کیا تھا، سال 2025-26 کیلئے گنے کے کرشنگ سیزن کے آغاز کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے چینی کی پیداوار کی نگرانی کے لیے ایک جدید اور مؤثر مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا ہے اس وقت شوگر سیکٹر میں نگرانی کے پانچ نظام نافذ العمل ہیں ، چینی کی بوریوں کی گنتی کے لیے ہوپرز پر خودکار کاؤنٹرز، ویڈیو ریکارڈنگ، ڈیجیٹل آئی کاؤنٹنگ، شوگر ملز کے آؤٹ گیٹ پر چینی کی تمام تر فروخت کے لیے ایس-ٹریک انوائسنگ سسٹم اور چینی کی تیاری و فروخت کی نگرانی کے لیے عملے کی تعیناتی شامل ہے۔ اس نئے نظام کو موثر بنانے کے لیے ہر شوگر مل میں ایف بی آر کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور انٹیگریٹڈ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے پورے سسٹم اور عملے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایف بی آر کے سینئر افسران باقاعدگی سے شوگر ملوں کے دورے کررہے ہیں۔