بلا سودقرضوں کی فراہمی کیلئے کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا یکم جون سے آغاز

May 25, 2024

ملتان(سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب کسانوں کی فلاح کیلئے پرُ عزم ہیں۔کاشتکاروں کی فلاح کیلئے بینک آف پنجاب اور محکمہ زراعت کے باہمی اشتراک سے بلا سود پیداواری قرضے دیئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے کسان کارڈ کی رجسٹریشن کیلئے ایگریکلچر ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے استعمال کیلئے پیسٹی سائیڈز اور فرٹیلائزرڈیلرز کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔آسان اور بلا سودقرضوں کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا یکم جون سے آغاز کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ 300 ارب روپے کی لاگت سے بلا سودآسان قرضوں کی سکیم شفاف انداز میں لانچ کی جا رہی ہے۔اس سکیم کے تحت کاشتکار ایک لاکھ50ہزار روپے تک بلا سود قرض حاصل کر سکیں گے۔اس سکیم کیلئے 1 تا12.5 ایکڑ زمین رکھنے والے کاشتکار اہل ہوں گے۔کسانوں کی آسانی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بذریعہ ایس ایم ایس کسان کارڈ کی فراہمی کی جائے گی۔اس سکیم سے5 لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے۔کسان کارڈ کے ذریعے کھاد اور بیج کی مقرر کردہ قیمتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ کاشتکار6 ماہ کے اندر اپنا قرض واپس کرنے کا پابند ہوگا۔