عام انتخابات جیتنے پر بالغوں کے لئے لازمی نیشنل سروس دوبارہ شروع کرینگے، کنزرویٹو پارٹی

May 29, 2024

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) کنزرویٹو پارٹی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں جیت کی صورت میں وہ بالغوں کے لئے لازمی نیشنل سروس کو دوبارہ شروع کرے گی۔ لازمی نیشنل سروس کے مطابق 18سال عمر کے نوجوان یا تو ایک سال کے لئے فوج میں فل ٹائم شامل ہونگے یا پھر ہر ماہ ایک ہفتے کے آخرمیں کمیونٹی سروس انجام دیں گے۔ اس سکیم کا آغاز ستمبر 2025سے ہوگا اور اس پر 2.5بلین پونڈ کی لاگت آئے گی۔ وزیراعظم رشی سوناک کا کہنا ہے کہ یہ نئی سروس ہمارے نوجوانوں کو زندگی بدلنے والے مواقع فراہم کرے گی، وہ لاجسٹکس، سائبرسیکورٹی ، پروکیورمنٹ یا سول رسپانس آپریشنز سیکھیں گے، جو لوگ فوج میں شامل نہ ہونا چاہیں وہ اس کے بجائے رضاکارانہ سروسز مثلاً سینٹ جان کی ایمبولینس یا سیلاب سے بچاؤ کی تعمیر وغیرہ جیسے کاموں میں حصہ لیں گے۔ وزیراعظم رشی سوناک کا کہنا تھاکہ برطانیہ ایک عظیم ملک ہے لیکن نوجوانوں کی کئی نسلوں کو وہ موقع یا تجربہ نہیں ملا جس کے وہ مستحق ہیں، یہاں ایسی قوتیں موجود ہیں جو اس غیریقینی کے دور ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ برطانیہ کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لئے دفاعی اخراجات کو 2030تک کل قومی پیداوار کے 2.5فیصد تک لانا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کی تقریباً تمام پارٹیوں نے کنزرویٹو کے اس منصوبے کو ناقص قرار دیا ہے۔ لیبر کی شیڈو وزیر ریجیل ریوز کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ایک مایوس چال ہے جس میں کوئی قابل عمل چیز نہیں ہے۔