انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو طلب کرلیا

June 25, 2024

راولپنڈی (آئی ا ین پی )راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا، زرتاج گل سمیت دیگر کی طلبی کے سمن جاری کر دیئے۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور شبلی فراز کی ضمانت منظور ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا، پارلیمانی لیڈر سنی اتحاد کونسل زرتاج گل سمیت دیگر کی طلبی کے سمن جاری کر دیئے۔ سمن 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے حوالے سے تھانہ کینٹ میں درج مقدمات میں جاری کیئے گئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور، پارلیمانی لیڈر زرتاج گل، محمد اشرف سوہنا اور مہر محمد جاوید کی طلبی کے سمن جاری کیئے۔ ملزمان کو تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ میں طلبی کے سمن ایس ایچ او کے ذریعے جاری کیئے گئے جس میں تمام ملزمان کو چھبیس جون کو سماعت کیلئے اڈیالہ جیل عدالت پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ،ایم این اے زرتاج گل ، شبلی فراز اور فواد چوہدری کو نو مئی کے مقدمات میں فیصل آباد میں انسداد دہشت گری عدالت سے ضمانت مل گئی۔