• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایم پیز کے ساتھ لابنگ کریں، چوہدری یاسین

بولٹن (نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن چوہدری محمد یاسین نے راجہ ریاسب خان، راجہ افتخار راج اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن نے شب و روز محنت کرکے برطانیہ میں سیاسی و سماجی طور پر بلند مقام حاصل کیا ہے اوورسیز کمیونٹی ہمارے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہے جو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی کے بغیر کشمیریوں کی خوشی نامکمل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی جانب سے ہرروز قتل و غارت کا بازار گرم ہے ۔ معصوم کشمیری مرد بوڑھے نوجوان اور خواتین پر تاریخ کے بدترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور کشمیریوں کی ان قربانیوں کے نتیجے میں ایسا لگ رہا ہے کہ ان کی آزادی کی منزل قریب ہے۔ ہمیں اس موقع پر ان لوگوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہئے۔ انہوں نے بیرون ملک آباد کشمیریوں اور پاکستانیوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ یہ مسئلہ لیبر پارٹی کا پیدا کردہ ہے اور اب برطانیہ میں لیبر پارٹی ہی برسراقتدار ہے جس پر بیرون ملک آباد کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنے اپنے حلقے میں کونسلوں ممبران پارلیمنٹ اور یورپی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ بھرپور لابنگ کریں تاکہ اس دیرینہ مسئلہ کا حل نکل سکے اور کشمیری آزاد ہو کر سکھ کا سانس لے سکیں۔ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ایسا مسئلہ نہیں جو حل نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے تمام تر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے جس میں تعلیمی نظام سے لے کر سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ دوردراز دیہاتی علاقوں کیلئے لنک روڈ بھی بنائے جا رہے ہیں جس پر بیرون ملک آباد کمیونٹی کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔ اس موقع پر راجہ ریاسب خان نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دے کر کہا کہ بعض لوگوں کی جانب سے یہ دھمکی دی جارہی تھی کہ چوہدری یاسین کی بولٹن آمد کو ناکام بنایا جائے گا جس پر انہوں نے کہاکہ کسی کی جرأت نہیں کہ وہ چوہدری یاسین کا راستہ روک سکے۔ انہوں نے اپنی سیاسی وابستگی کے حوالے سے کہا کہ میں تھوڑے عرصے سے سیاست میں خاموشی اختیار کیاکی کہ گیڈروں نے بھی شیر کی کھال پہننا شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ میں فیلڈ میں موجود ہوں اور میں ان لوگوں پر واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اگر کسی نے چوہدری یاسین کے خلاف نہ صرف برطانیہ بلکہ پاکستان میں بھی کسی نے ایسی ناپاک حرکت کرنے کی کوشش کی تو انہیں ایسا سبق سکھایا جائے گاکہ انہیں دوبارہ ایسی دھمکیوں کی ضرورت نہیں آئے گی۔ تقریب سے راجہ افتخار راج نے چوہدری یاسین کی بولٹن آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری یاسین کشمیری عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں جس پر وہ ناز کرتے ہیں ۔ تقریب سے احمد یعقوب اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور اسٹیج سیکرٹری کے فرائض شیخ ندیم نے ادا کئے۔
یورپ سے سے مزید