کم خرچ ،بالانشین....

August 15, 2018

سمیرا کنول

عام طور پر یہی تصور کیا جاتا ہے کہ گھر کی سجاوٹ کے لئے کثیررقم درکار ہوتی ہے، لیکن تھوڑی سی سمجھ بوجھ سے کام لے کر آپ کم سے کم رقم اور وسائل میں اپنا گھر محل جیسا بنا سکتی ہیں۔گھر میں پہلے سے موجود بے کار اشیاء کو کارآمد بنا کرآپ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں۔ہماری درج ذیل ٹپس آزمائیے اورگھر سجائیے:

پرانے فرنیچرکوپینٹ کریں:

نیا اور جدید فرنیچر بہت مہنگا ہوتاہے، اس لئے اگرگھرمیں موجود پرانے فرنیچر کوفروخت کرکے نیا خریدنا مشکل ہو تو،ہر چھ ماہ میں پرانے فرنیچر پرخوبصورت پینٹ یا پالش کریں۔

تار اور کیبل کو نظروں سے اوجھل رکھیں:

گھرمیں جگہ جگہ لگے تاراورکیبل اچھے نہیں لگتےاور گھر کے حسن کو بھی گہنا دیتے ہیں۔انھیں منظر سےاوجھل کرنےکے لئے پلاسٹک بورڈ لے کر اسے باڑ کی شکل میں کاٹ کرلگادیں اورتمام تاراس کے پیچھے سیٹ کردیں۔اس سے خوبصورت ڈیزائن بھی بن جائے گااورآپ کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔

فالتو شیشے کااستعمال:

گھر میں پڑے ہوئے فالتو شیشے کا فریم کروا کرکسی بھی کمرے ، داخلی راستے یا کوریڈور میں آویزاں کردیا جائے تودیوار کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح اگر

شیشے کے کناروں پرخوبصورت پینٹنگ کرکے یا پھر خوبصورت آرٹیفیشل بیلیں لگا دی جائیں توگھرکی سجاوٹ کوچارچاند لگائے جاسکتے ہیں۔

دیواروں پرٹیپ لگائیں:

اگرآپ کے گھرمیں چھوٹے بچے ہیں جودیواروں پرنشانات ڈالتے ہیں ،توایسے بچوں کے لئے آپ اپنی دیواروں پرنیون ماسکنگ ٹیپ کااستعمال کریں اوربچوں کوکرنے دیں جووہ کرناچاہتے ہیں کیونکہ اس ٹیپ سے نہ دیواریں گندی ہوتی ہیں اورنہ ہی ان پرنشانات آتے ہیں۔

وال ہینگنگ:

کپڑوں کے بچے ہوئے ٹکڑوں یا پرانے کپڑوں کوکاٹ کرخوبصورت وال ہینگنگ تیارکرسکتی ہیں۔کسی بھی بورڈ یاموٹے گتے پرآپ ان کپڑوں کوخوبصورتی کے ساتھ لگاسکتے ہیں۔

کینڈل ہولڈر:

رنگ برنگی موم بتیاں خوبصورت دکھائی دیتی ہیں۔اگرآپ کے پاس کینڈل ہولڈرنہیں بھی ہے تو آپ صر ف موم بتیاں خریدیں اورہولڈر کی جگہ گھرمیں موجود پرانی شیشے کی بوتلوں کو گلاس پینٹنگ سےبیل بوٹے بنا کرمنفرد انداز دیا جاسکتا ہے۔

پرانی سیڑھی کا فریم:

نئے شیلف خریدنا مہنگاپڑتاہے تو پرانی سیڑھی لے کراس پر مختلف رنگوں سے رنگ دیجئے اوراس کےپیچھے بورڈ لگاکرکورکردیں پھراس میں آپ جو چاہیں رکھیں ۔یہ گھرکی خوبصورتی میں اضافہ کریں۔

ہینگرز کوٹیپ کریں:

ہینگرز پراکثر زنگ آجاتاہے اوروہ خراب ہوجاتے ہیں اسی لئے اگر ہینگرز پرانے ہوجائیں تو انھیں خوبصورت کلر فل ماسکنگ ٹیپ کی مدد سے ٹیپنگ کرکے پھرسے استعمال کے قابل بنایا جاسکتاہے۔

پرانا کٹنگ بورڈ:

کچن میں موجود پرانے کٹنگ بورڈ پینٹ کرکے خوبصورت ڈیکوریشن پیس تیارکریں ،بس کوشش کریں کہ اس پر ہلکے رنگوں کااستعمال نہ کریں۔ ہلکے رنگ وقت گزرنے کے ساتھ پھیکے پڑجاتے ہیں۔

خوبصورت گملہ بنائیں:

کسی بھی دکان سے مٹی کا خالی پوٹ لیں اور اسے رات بھر پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ صبح آپ اس پراپنی پسند کاپینٹ کریں اوراپنی من پسند اشیاء جیسے شیشے،بٹن،پتھراورپھولوں سے سجادیں۔

جھولا:

رسی کے استعمال سے گھرمیں جھولا لگائیں ،اگرآپ اس میں ٹائر یا ویسے ہی کوئی لکٹری کی سیٹ یارِنگ لگادیں توگھرکی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ بچوں کے بھی مزے آجائیں گے۔

ربن سے فانوس بنائیں:

گھرمیں لگے فانوس خوبصورتی کو بڑھادیتے ہیں۔12/16 انچ کا کپڑا لے کراس پر تین مختلف رنگوں کے ربن لگا دیں اور اسے ایک خوبصورت ڈوری کے ساتھ باندھ کرگھرمیں لٹکادیں۔یہ ہلکے پھلکے رنگ برنگے فانوس لاؤنج اور بچوں کے کمرے کو بھرپور تاثر دیں گے۔