2019ء : ایشیا کی حسین ترین اداکارائیں

January 01, 2020

لندن کے معروف جریدے ’’مشرقی آنکھ‘‘ نے 2019 کی دس ایشیائی حسین خواتین فلم ٹی وی فنکاروں کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق بالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ عالیہ بھٹ کو حسین ترین اداکارہ برائے سال 2019 قرار دیا ہے میگزین ایسٹرن آئی، دی اکنامکس ٹائمز کے اشتراک سے ایشیا کی چند خوبصورت خواتین فنکاروں کی جاری فہرست کے مطابق ان کے بارے میں مختصراً نذرِقارئین ہے۔

عالیہ بھٹ

1993 ءمیں بھارت میں پیدا ہوئیں، تاہم برطانیہ کی بھی شہریت رکھتی ہیں اور بالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے ممبئی آتی جاتی رہتی ہیں انہیں ایشیا کی حسین اور ذہین فنکارہ کا ٹائٹل دیا گیا ہے اور 2019 ءکے سروے کے مطابق وہ حسین اور گڈ لکنگ اداکارہ ہیں۔ اب ان کا شمار معروف اداکارائوں میں ہوتا ہے۔

دیپیکا پیڈکون

برطانوی جریدہ کی فہرست 2019 ءکے مطابق دیپیکا کو دوسرے نمبر پر ایشیا کی حسین اور ذہین اداکارہ قرار دیا گیا ہے دیپیکا 1986 ءمیں پیدا ہوئیں ان کا خاندان ڈنمارک میں رہائش پذیر ہے۔ مگر ان کی ابتدائی تعلیم بنگلور میں مکمل ہوئی۔ ابتدائی طور انہوں نے ٹی وی کے اشتہارات میں کام کیا۔ 2006 سے انہوں نے اپنا فلمی کیریئر شروع کیا۔ فلم رام لیلا میں اداکاری پر پہلا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ اب وہ بالی ووڈ کی مقبول ترین اداکارائوں میں شمار ہوتی ہیں۔

حنا خان

1987 ءکو سری نگر میں پیدا ہوئیں وہ اسٹار پلس کے بیشتر ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرتی ہیں۔ ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے ایم بی اے کی سند حاصل کی۔ اب وہ ٹی وی اور فلموں کی معروف اداکارہ ہیں۔ انہیں 2019 کی ایشیا کی حسین خواتین میں شمار کیا گیا ہےاوروہ 2009 ء سے 2018ء تک آٹھ بڑے ایوارڈز حاصل کرچکی ہیں ۔

ماہرہ خان

ماہرہ حفیظ خان پاکستانی ٹیلی وژن اور فلموں کی معروف اداکارہ ہیں۔ ایشیا کی حسین خواتین برائے 2019 ءکی فہرست میں ٹاپ پر ہیں۔ وہ 1984 ءمیں پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم کراچی فائونڈیشن اسکول سے مکمل کی۔ سترہ سال کی عمر میں وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے امریکا چلی گئیں۔ 2006 ءمیں انہوں نے ٹی وی شو سے اپنا کیریئر شروع کیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

انہیں پاکستانی فلموں اور ٹی وی سیریلز میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی فنکارہ بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اب تک ایک بھارتی اور کئی پاکستانی فلموں میں کام کیا ہے ،بھارتی فلم میں اداکار شاہ رخ خان کے ہمراہ ہیروئن کا کردار ادا کیا۔ انہیں بھارت میں بھی خاصی شہرت ملی۔

سربی چندنا

سربی چندنا نے بالی ووڈ میں قدم رکھتے ہی ٹی وی ڈراموں میں خاصی شہرت حاصل کرلی ہے۔ ان کا نام ایشیا کی حسین خواتین برائے سال 2019 ءمیں شامل کیا گیا ہے۔ ان دنوں وہ سب ٹی وی پر کام کررہی ہیں۔

نیا شرما

نیا شرما بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ ہے۔ وہ 1998 ءمیں پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم کے دوران ہی وہ بچوں کے پروگراموں میں اداکاری کرتی ر ہیں۔ اب تک وہ ٹی وی کے بیس ڈراموں میں اپنے کردار نبھا چکی ہیں۔ انہیں بھارتی اداروں کی طرف سے پانچ ایوارڈز مل چکے ہیں جب کہ وہ کئی ایوارڈز کے لئے نامزد ہوچکی ہیں۔ انہیں ایشیا کی حسین خواتین میں شمار کیا گیا ہے۔

مہوش حیات

مہوش حیات پاکستانی فلموں کی معروف اداکارہ ہیں۔ انہیں 2019 میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ دوبار لکس اسٹائل ایوارڈز بھی حاصل کرچکی ہیں۔ وہ 1983 ءمیں پیدا ہوئیں۔ 2010 ءسے اب تک وہ ایک درجن ٹی وی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں اور ایک درجن فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہربھی دکھا چکی ہیں۔ مختلف پنجابی ڈراموں میں بھی اداکاری پر انہیں ایوارڈز دیئے جاچکے ہیں۔ انہیں ایشیائی حسین ترین خواتین کی فہرست میں نمایاں شمار کیا گیا ہے۔

پرینکا چوپڑہ

انہوں نےسال 2000 ءمیں مس ورلڈ کا ٹائٹل حاصل کیا تھا۔ انہیں بالی ووڈ فلموں کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ وہ 1982 ء میں پیدا ہوئیں۔ پرینکا نے ابتدائی تعلیم اور گریجویشن کی سند امریکا سےحاصل کی۔ 2002 ءسے انہوں نے اپنا فلمی کیریئر شروع کیا۔ وہ بالی ووڈ میں متعدد فلموں میں کام کرچکی ہیں اس کے علاوہ ہالی ووڈ میں بھی وہ دو فلموں میں کام کیا۔ ان کا نام اکیڈمی ایوارڈ کے لیے بھی چنا گیا تھا۔ انہیں بالی ووڈ میں بہت شہرت حاصل ہے اور وہ فلموں کی ضرورت تصور کی جاتی ہیں۔ انہیں ایشیا کی 2019 کی حسین ترین فنکارہ شمار کیا گیا ہے۔

کترینہ کیف

کترینہ بنیادی طور پر انگلش فلموں کی اداکارہ ہے ،مگر انہوں نے بالی ووڈ میں اپنا بلند مقام بنالیا ہے۔ وہ اب تک ایک درجن کامیاب فلموں میں ہیروئن آچکی ہیں۔ ان کی پیدائش ہانگ کانگ میں ہوئی ان کی شہریت برطانوی ہے ،مگر بالی ووڈ ان کا دوسرا گھر ہے۔ انہیں ایشیا کی حسین ترین خواتین میں شمار کیا جاتا ہے۔