رابی پیرزادہ کا غریب بچوں کو پڑھانے کا عزم

January 22, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

شوبز کو خیرباد کہنے والی رابی پیرازدہ غریب بچوں کو تعلیم دیں گی

شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ نے غریب بچوں کو پڑھانے کا عزم کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے: رابی پیرزادہ کی خطاطی نمائش کیلئے تیار

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رابی پیرزادہ کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں غریب بچے رابی پیرزادہ کی خطاطی دکھاتے ہوئے انہیں خریدنے کا کہہ رہے ہیں اور پس منظر میں رابی کی آواز میں حمد سنائی دے رہی ہے۔

رابی پیرزادہ نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ ان غریب بچوں کو تعلیم دیتی ہیں اور سودا سلف کے بدلے والدین کو بچوں کی تعلیم کے لئے رضا مند کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ لڑکی کو پڑھوانے کے ہزار روپے جبکہ لڑکے کو پڑھوانے کے لئے پانچ سو روپے کا سودا ان کے والدین کو بھجواتی ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ وہ ان کی خطاطی خریدیں تاکہ انہیں ان بچوں کے والدین کو رضامند کرنے میں مدد مل سکے۔

رابی نے اس چیز کی بھی نشاندہی کی کہ وہ ان بچوں کو خیراتی پیسوں سے نہیں بلکہ اپنی محنت سے پڑھائیں گی۔

واضح رہے کہ ذاتی نوعیت کی نازیبا ویڈیوز کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد رابی پیرزادہ کی جانب سے شوبز چھوڑنے اور باقی کی زندگی مذہبی تعلیمات کے مطابق گزارنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس کے بعد سے ہی رابی کی جانب سے مختلف پینٹگز اور خطاطی کی تصویریں شیئر کی جاتی رہیں تاہم اب ان کی جانب سے یہ ایک نیا قدم اٹھایا گیا ہے جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پزیرائی مل رہی ہے۔