پاکستان کی معروف گلوکارہ رابی پیرزادہ نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رابی پیرزادہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اعلان کیا ہے کہ وہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں اللّہ سے اپنے گناہوں کی معافی بھی طلب کی اور ساتھ ہی لکھا کہ اللّہ اُن کے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔
اپنے پیغام کے آخر میں رابی پیرزادہ نے لکھا کہ ’ الله پاک جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے۔‘
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’SaveASoul ‘ بھی لکھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے گلوکارہ رابی پیرزادہ ایک تنازعے کی زد میں ہیں۔ گلوکارہ کی سوشل میڈیا پر نہایت نازیبا ویڈیوز اور تصاویر لیک کر دی گئیں تھیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز نے تہلکہ مچادیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سر فہرست ٹرینڈ بن گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: بھارت میں کام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی، رابی پیرزادہ
رابی پیرزادہ نے اپنی لیک ہونے والی ویڈیوز کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ لاہور میں تحقیقات کی درخواست دائر کی تھی۔
جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گلوکار ہ کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیے جانے کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ویڈیوز اور تصاویر کے وائرل ہونے کے بعد سے رابی پیرزادہ اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ SaveASoul لکھ رہی ہیں۔
رابی پیرزادہ نے لوگوں کے تلخ رویوں اور اپنی ذاتی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔