قوت مدافعت بڑھانے والی غذاؤں کا استعمال

March 28, 2020

انسان کا قوت مدافعت مضبوط ہو تو وہ کئی طرح کی بیماریوں سے لڑسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کرنے کے لیے ماہرین غذائیت ان غذاؤںکو استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جن سے قوت مدافعت بڑھتی ہے جیسے کہ دہی، پالک، لہسن، کیلا، مچھلی، انڈہ، پنیر، ادرک، لیموں، ترش پھل جیسے کینو، شہد اور مختلف میوہ جات وغیرہ ۔ آج ہم آپ کو چند ایسی ریسیپیز کا بتائیں گے، جن میںقوت مدافعت بڑھانے والی اشیا شامل ہوتی ہیں۔

پالک سے بنے چیز کوفتے

پالک ہر موسم میں دستیاب اور ہمارے ہاں خاص پسند کی جانے والی سبزی ہے۔ اس میں بے شمار غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں، جن میںوٹامن سی ، اے، کے اور بیٹاکیروٹین قابل ذکر ہیں، جس کے باعث یہ مختلف انفیکشن سے لڑنے میں مدافعتی نظام کی مدد کرتی ہے۔ ہرے پتوںوالی یہ سبزی اینٹی آکسڈینٹ ہے اور کینسر سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتی ہے۔اس میں آئرن کی بھرپورمقدار موجود ہوتی ہےجو کہ ہڈیوں کی مضبوطی میں انتہائی فائدہ مند ہے۔ تاہم پالک پکاتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ اسے زیادہ دیرپکانے سے گریز کیا جائے کیونکہ کم پکانے سے اس کی غذائی صلاحیت برقرار رہتی ہے۔ پالک سے طرح طرح کے لذیذ پکوان بنائے جاتے ہیں، جن میںپالک گوشت بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ تاہم آج ہم ایک منفرد ڈش، پالک سے بنے چیز کوفتوں کی ریسیپی آپ کو بتائیںگے۔

درکار اجزاء

پالک: آدھا کلو

کاٹیج چیز: 200گرام

نمک: حسب ذائقہ

پیاز: ایک عدد

ٹماٹر کا پیسٹ: ایک پیالی

پسی ہوئی لال مرچ: ڈیڑھ چائے کا چمچ

ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

کُٹی ہوئی کالی مرچ: ایک چائے کا چمچ

گرم مصالہ پسا ہوا: آدھا چائے کا چمچ

ڈبل روٹی کا چورا: آدھی پیالی

کارن فلور: دو کھانے کے چمچ

فریش کریم: چار کھانے کے چمچ

قصوری میتھی: ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ: دو سے تین عدد

تیل: حسب ضرورت

ترکیب:

پالک کو چوپ کر کے دھولیں اور ابلتے ہوئے پانی میں تین سے چار منٹ تک اُبال کر چھلنی میں ڈال دیں۔ اس کے اُوپر ٹھنڈا یخ پانی بہا کر اچھی طرح چھان کر خشک کر لیں۔ اب چاپر میں پالک اور ہری مرچیں ڈال کر چوپ کر لیں۔ پھر اس میں نمک، کارن فلوراور ڈبل روٹی کا چورا ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔

اس کے ساتھ ہی کاٹیج چیز میں نمک اور کالی مرچ ملا کر اس کی چھوٹی چھوٹی بالز بنا لیں۔ پھر پالک کے کوفتے بنا کر ان کے درمیان کاٹیج چیز کی بالز رکھ کر بند کر دیں اور کچھ دیر کے لئےفریج میں رکھ دیں۔ اب ایک پین میںتیل ڈال کران کوفتوں کو اتنی دیر فرائی کریں کہ وہ سنہرے ہوجائیں۔ پھر اسی پین میں تیل کم کر کے اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز فرائی کریں اور پھر اسے نکال کر الگ رکھ لیں۔ اب اسی تیل میں لہسن ڈال کر کچھ دیر فرائی کریں اور پھر ٹماٹر کا پیسٹ،نمک، لال مرچ، ہلدی اور فرائی کی ہوئی پیاز ڈال کر اچھی طرحملائیں اور اتنی دیر پکائیں کہ گریوی گاڑھی ہوجائے۔ آخر میں اس میں کریم ، گرم مصالحہ اور قصوری میتھی ڈال کر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔جب تیل علیحدہ ہو جائے تو چولہے سے اتار لیں۔ ڈش میں نکال کر اس میں فرائی کئے ہوئے کوفتے ڈال کر گرما گرم روٹی کے ساتھ پیش کریں۔

خشک میوہ جات اور قورمہ

خشک میوہ جات کے بےشمار طبی فوائد ہیں۔ اعتدال کے ساتھ ان کا استعمال انسانی جسم کو مضبوط اور توانا بناتا ہے۔ روزانہ ایک مٹھی خشک میوہ جات کا استعمال صحت کیلئے بہتر ہے۔ خشک میوہ جات میں مونگ پھلی،بادام، پستہ، کاجو،کشمش، اخروٹ، انجیر اور چلغوزے شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق خشک میوہ جات کا روزانہ استعمال کینسر ،امراض قلب اور جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو معمول پررکھنے میں مفید ہے۔ خشک میوہ جات سے مختلف لذیذ پکوان بھی بنائے جاتے ہیں، جن میںسے ہم میوہ قورمہ کی ترکیب پیش کررہے ہیں۔

درکار اجزاء

گوشت: آدھا کلو

ہلدی: دو چٹکی

دھنیا: آدھا چمچ

گھی/تیل: آدھا پاؤ

لہسن: سات جوئے

لال مرچ: حسبِ ضرورت

ادرک: حسب ِضرورت

نمک: حسبِ ذائقہ

بادام: 125گرام

پستہ: 125گرام

مونگ پھلی: 125گرام

کشمش: 125گرام

دہی: 125گرام

ترکیب:

رات کو بادام پانی میں بھگو دیں اور صبح ان کا چھلکا اُتارکر گھی میں تل لیں۔ اسی طرح پستے، مونگ پھلی اور کشمش کو بھی گھی میں ہلکا ہلکا فرائی کریں۔ اب گھی میں پیاز لال کرنے کے بعد مصالحہ بھونیں اور پھر گوشت کو دہی سمیت ڈال کر بھونیں اور پھر میوے ڈال کر پانی ڈال دیں۔ جب گوشت گل جائے تو حسبِ ضرورت ایک بار پھر تھوڑا سا بھونیں اور پتیلی کو چولہے سے اتار لیں۔ اس میں گرم مصالحہ ڈال کر ڈھک دیں۔ کچھ دیر بعدخشک میوہ جات سے تیار قورمہ کھانے کے لیے پیش کریں۔

چکن ہنی ونگز

شہد ایک قدرتی لیس دار میٹھا سیال ہے، جسے شہد کی مکھیاں مختلف پھولوں کے رس سے بناتی ہیں۔ شہد انسان کے لیے اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک بیش قیمت نعمت ہے۔اس کی مختلف اقسام ہوتی ہیں اور یہ مختلف رنگوں میں دستیاب ہوتا ہے۔ اس کے رنگ، ذائقے کامعیار اور افادیت اس بات پر ہوتی ہے کہ اسے کس قسم کے پھول سے حاصل کیا گیا ہے۔ تمام غذائی نعمتوں میں شہد کو ایک ممتاز درجہ حاصل ہے۔ گرم پانی میں شہد ڈال کر پینے سے جسم کے فیٹس کم کیے جاسکتے ہیں۔ شہد مختلف بیماریوں کےعلاج میں بھی مؤثر ثابت ہوتا ہے اور اس سے طرح طرح کےذائقے دار پکوان بھی بنائے جاتے ہیں۔ شہد کی افادیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہم آپ کے لیے چکن ہنی ونگز کی ریسیپی لائے ہیں۔

درکار اجزاء

چکن ونگز: آدھا کلو

کوکنگ آئل: چار کھانے کے چمچ

ادرک لہسن (چوپ کیا ہوا): دو کھانے کے چمچ

نمک: حسبِ ذائقہ

کُٹی ہوئی کالی مرچ: ایک چائے کا چمچ

سویا سوس: ایک کھانے کا چمچ

چلی سوس: ایک کھانے کا چمچ

چینی: ڈیڑھ کھانے کا چمچ

لیموں کا رس: ایک کھانے کا چمچ

شہد: ڈھائی کھانے کے چمچ

ہر ی مرچ: دو عدد

چلی گارلک سوس: ایک کھانے کا چمچ

ادرک (جولین کٹنگ): ایک چائے کاچمچ

ٹماٹر ( جولین کٹنگ): ایک عدد

سفیدتل: ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

ایک پین میں تیل ڈالیں اور اس میں ادرک لہسن ڈا ل کر لائٹ براؤن ہونے تک فرائی کر لیں۔ اب اسی پین میں چکن ونگز، نمک، کالی مرچ، سویا سوس، چلی سوس، چینی اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح پکا لیں یہاں تک کہ چکن گل جائے۔ پھر اس میں شہد ،ہری مرچ ،چلی گارلک سوس ،ادرک اور ٹماٹر ڈا ل کر دو سے تین منٹ تک پکائیں۔ لیجیے مزیدار چکن ہنی ونگز تیار ہیں، سفید تِل کی گارنش کرکے اسے پیش کریں۔

ہنی مسٹرڈ نگٹس سلاد

سلاد ایک ایسی ڈش ہے، جسے مختلف سبزیا ں استعمال کرکے بنایا جاتا ہے۔ چکن کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے، انڈے اور چیز ڈالنے سےاس کا ذائقہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ سلاد کا ایک باؤل مکمل کھانے کی طرح ہے۔ سلاد کھانا صحت کے لیے انتہائی مفید ہے اور ہر عمر کے افراد کے لیے یکساں فائدے مند ہے۔ وہ لوگ جنھیںذیابطیس،ہائی بلڈ پریشر، دل کے امراض یا ہائی کولیسٹرول ہوتا ہے، انھیں ڈاکٹر خاص طور پر سلاد کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ علاوہ ازیں نوجوان بھی مناسب وزن کے حصول اور چہرے کو تروتازہ رکھنے کیلئےسلاد کا استعمال کرتے ہیں۔ مزیدار سلاد گھروں میں بھی بنائی جاسکتی ہے۔ آج ہم ہنی مسٹرڈ نگٹس سلاد کی ریسیپی قارئین کی نذر کررہے ہیں۔

درکار اجزاء

نگٹس:200گرام

سلاد پتہ: ایک کپ

چیری ٹماٹر:ایک کپ

کٹے، بھنے بادام: آدھا کپ

بند گوبھی: ایک کپ

ہنی مسٹرڈ ڈریسنگ:ایک چوتھائی کپ

پیاز: آدھا کپ

کھیرا: ایک کپ

گاجر: ایک کپ

مکئی کے دانے: ایک کپ

ہنی مسٹرڈ ڈریسنگ اجزاء

سیب کا سرکہ: 2کھانے کے چمچ

شہد: 2کھانے کے چمچ

مسٹرڈ؛ ایک چائے کا چمچ

لہسن کے جوئے:2 عدد

نمک:ایک چوتھائی چائے کا چمچ

کالی مرچ: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

زیتون کا تیل:3سے4کھانے کے چمچ

ہنی مسٹرڈ ڈریسنگ کی تیاری:

ایک باؤل میں سیب کا سرکہ ، شہد ، مسٹرڈ پیسٹ ، لہسن،نمک اور کالی مرچ ڈال کر اچھی طرح مکس کر یں ۔ اسے مسلسل ہلاتے ہوئے زیتون کا تیل ڈالیں۔ اس ڈریسنگ کو آپ 1سے2ہفتے تک استعمال کر سکتے ہیں لیکن اس کے لیے ہوا بند جارمیں ڈال کر فریج میں رکھیں۔

ترکیب:

سب سے پہلے نگٹس فرائی کریں اور ایک نگٹ کو تین حصوں میں کاٹ لیں۔ ایک باؤل میں سلاد پتہ ، چیری ٹماٹر، بھنے بادام، کھیرا، گاجر، مکئی کے دانے(سویٹ کارنز) اور بند گوبھی ڈال لیں۔ اب اس میں تیار کی ہوئی ہنی مسٹرڈ ڈریسنگ ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ پھر اس پر نگٹس ڈال کر ہلکا سا مکس کریں اور کھانے کے لیے پیش کریں۔

میکسیکن پوٹیٹوز

اجزاء۔

آلو۔ آدھا کلو

پیاز ۔ایک عدد

زیتون۔ چھ عدد

لال یا ہری مرچ۔ چھ عدد

لال مرچ ۔ایک چائے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

پیپریکا ۔آدھا چائے کا چمچ

نمک ۔آدھا چائے کا چمچ

دار چینی ۔آدھا چائے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

لہسن ۔دو چائے کا چمچ

تیل۔ چار کھانے کے چمچ

ترکیب۔

چوکور کٹے آلو گرم پانی میں پانچ منٹ اُبال لیں۔اب تیل گرم کرکے اس میں پیاز اور لہسن دو منٹ پکالیں۔پھر پسی لال مرچ، زیرہ، پیپریکا، نمک اور پسی دار چینی شامل کر دیں۔اس کے بعد آلو ڈال کر دس منٹ پکائیں۔آخر میں لال یا ہری مرچ اور زیتون شامل کرکے چولہا بند کردیں۔میکسیکن پوٹیٹوز سرو کرنے کے لیے تیار ہیں۔

چکن ریشمی دال

ہمارے ہاں دالیں بہت شوق سے کھائی جاتی ہیں۔ دالیں آئرن کا خزانہ مانی جاتی ہیں جبکہ ان میں پروٹین کی وافر مقدار ہونے کی وجہ سے انہیںگوشت کے متبادل کے طور پر بھی استعمال کیا جاتاہے۔ ایک تحقیق کے مطابق دالوں کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر بڑھنے سے روکتا اور خون کو بھی صاف کرتا ہے۔ ان میں موجود فائبر،وٹامن اور منرلز کی وجہ سے انہیں دل کی صحت کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے۔ وزن کم کرنے کے لیے بھی دالوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ دال اچار، چٹنی اور سلاد کے ساتھ بھی خوب ذائقہ دیتی ہے۔ ویسے تو دال بنانے کی مختلف ریسیپیز موجود ہیں مگر ہم آپ کی خدمت میںچکن ریشمی دال کی ریسیپی پیش کررہے ہیں۔

درکار اجزاء

چکن لیگ پیس: آدھا کلو

تیل: حسبِ ضرورت

ادرک لہسن کا پیسٹ: دو کھانے کے چمچ

نمک: حسبِ ذائقہ

﴿پسا ہوا دھنیا: ایک چائے کا چمچ

﴿پسا ہوا زیرہ: ایک چائے کا چمچ

﴿پسی ہوئی سونف: ایک چائے کا چمچ

کھڑا گرم مصالحہ: حسبِ ضرورت

کُٹی ہوئی لال مرچ: ایک چائے کا چمچ ﴿

خشک میتھی: ایک چائے کا چمچ

پانی: آدھا کپ

دال کے لئے:

مونگ دال: پچاس گرام

مسور دال: پچاس گرام

تیل :تین کھانے کے چمچ

پیاز: ایک عدد ﴿درمیانی

ہلدی: ایک چائے کا چمچ

﴿پسا ہواگرم مصالحہ: ایک چائے کا چمچ

پانی: ایک سے ڈیڑھ کپ

نمک: حسبِ ذائقہ

املی کا پیسٹ: دو کھانے کے چمچ

کٹا ہوا ہرا دھنیا: دو کھانے کے چمچ

فریش کریم: چار کھانے کے چمچ

ترکیب:

سب سے پہلے پین میں مونگ دال، مسور دال، تیل، پیاز، ہلدی، گرم مصالحہ، پانی، نمک اور املی کا پیسٹ پکنے کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد کڑاہی میں چار کھانے کے چمچ تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا پیسٹ اور چکن شامل کرکے اتنا پکائیں کہ چکن کا رنگ اچھی طرح سے تبدیل ہو جائے۔ پھر اس میں نمک، دھنیا، زیرہ، سونف، لال مرچ، خشک میتھی، چار کھانے کے چمچ تیل، کھڑا گرم مصالحہ اور پانی شامل کرکے ڈھک کر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔ آٹھ سے دس منٹ بعد چکن کا چولہا بند کردیں۔

اب دال کو چیک کریں۔ جب دال اچھی طرح سے پک جائے تو بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح سے پیسٹ بنالیں۔ پھر یہ پیسٹ چکن میں شامل کرکے چولہا تیز کرکے بھون لیں۔ اب فریش کریم اور ہرا دھنیا بھی شامل کر دیں۔ جب گریوی اچھی طرح سے گاڑھی ہو جائے تو اسے نکال کر روٹی یا چاول کے ساتھ کھانے کے لیے پیش کریں۔

میکسیکن پائی

اجزاء۔

ہڈیوں کے بغیر (بون لیس) چکن۔ 150گرام (چھوٹا چھوٹا کٹا ہوا)

ٹماٹر (بڑا)۔ ایک عدد(کٹا ہوا)

پیاز(کٹا ہوا)۔1 کپ

شملہ مرچ۔1 کپ

مکئی کے دانے(پکے ہوئے)۔1 کپ

لہسن کی پوتھی (پسی ہوئی)۔ ایک عدد

چلی پاؤڈر ۔1چائے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر۔1 چائے کا چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ کے لئے

تیل ۔دو چائے کے چمچ

پنیر۔1 کپ (چھوٹی چھوٹی کٹی ہوئی)

کرسٹ بنانے کے لئے :

مکئی کا آٹا۔1 کپ

چکن سٹاک۔1

زیرہ پاؤڈر۔ چٹکی بھر

چلی پاؤڈر ۔چٹکی بھر

ترکیب۔

تیل کو ایک برتن میں گرم کر یں اور اس میں چکن (بون لیس) ڈال کر درمیانی آنچ پر ہلاتے ہوئے پانچ منٹ تک ایسے پکائیں کہ وہ ہر طرف سے براؤن ہو جائے۔ پھر پنیر کے سوا باقی تمام اجزاء ڈال دیں اور آنچ ہلکی کر کے پانچ منٹ تک پکا ئیں۔ ایک بیکنگ ڈش لیکر اُس پر ہلکا سا تیل لگائیں پھر چکن مکسچر کو اس میں ڈال کر اُوپر پنیر ڈال دیں ۔ ساتھ ہی اسٹاک کو سوس پین میں اُبالیں، یاد رہے کہ اس میں چربی بالکل نہ ہو ۔ اس میں مکئی کا آٹا، زیرہ پاؤڈر اور چلی پاؤڈر شامل کریں۔ ہلکی آنچ پر مسلسل ہلاتے ہوئے اتنا پکائیں کہ سارا آمیزہ گاڑھا ہو جائے، تقریباََ تین منٹ تک پکائیں۔ پھر اس آمیزہ کو فوراََ بیکنگ ڈش میں پنیر کے اُوپر ڈال دیں۔پھر اس کو اچھی طرح مکس کر لیں۔ آخر میں ڈش اوون میں رکھ کر 200سنٹی گریڈ یا 400فارن ھائیٹ پر 20سے25منٹ یا اس وقت تک بیک کر یں کہ بیرونی آمیزہ گولڈن براؤن اور اندونی اجزاء اچھے سے پک جائیں۔ تیار ہونے پرگرم گرم میکسیکن پائی پیش کر یں۔