بورڈ کا فیصلہ، پاکستانی کرکٹرز گھر میں ٹریننگ کرینگے، ہدایات ارسال کردی جائیں گی

March 30, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز کو گھروں پر ٹریننگ پلان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کھلاڑی گھروں پر رہ کر اپنی فٹنس کا خیال رکھیں اور جہاں بھی وقت ملے ٹریننگ کریں۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا قومی کرکٹرز کو گھروں میں ٹریننگ کے لئے پلان بھیجنے پر اتفاق ہوا ہے اس حوالے سے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور پی سی بی حکام کے درمیان مشاورت ہوئی ہے۔ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ سمیت 30 کھلاڑیوں کو ٹریننگ باقاعدہ شیڈول بھیجوایا جائے گا۔ کھلاڑیوں کو ٹریننگ پلان ہیڈ کوچ مصباح الحق کی ہدایت پربھیجوایا جا رہا ہے کرکٹرز ہفتہ وار جاری کردہ ٹریننگ شیڈول کی رپورٹ ارسال کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی گھر میں رہ کر کھلاڑی اپنی فٹنس پر توجہ دیں ۔ اس وقت بھی کھلاڑی اپنے طور پر گھر میں انفرادی ایکسرسائز کر رہے ہیں۔ اب انہیں ہدایات نامہ بھیجا جارہا ہے کہ وہ کوچز اور ٹرینرز سے رابطے میں رہیں ۔ خدشہ ہے کہ گھروں پر کھلاڑی صرف سونے اور کھانے پر توجہ دیں گے۔ کھلاڑی کوچز اور ٹرینرز سے ویڈیو کالز پر مشورے لے سکتے ہیں۔ کوچز اور ٹرینرز طے شدہ ٹائم پر کھلاڑیوں کو دستیاب رہیں گے۔ واضح رہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں کو مرغن غذائیں استعمال نہ کرنے کی ہدایت کررکھی ہے لیکن حال ہی میں چند ایسی ویڈیوز وائرل ہوئیں ہیں جس میں کھلاڑی مرغن کھانے بنارہے ہیں اور کھیل سے دور ہورہے ہیں۔ حال ہی میں پی سی بی نے اپریل میں ہونے والے فٹنس ٹیسٹ ملتوی کردیے تھے۔ جبکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں بھی فٹنس ٹیسٹ التواء کا شکار دکھائی دے رہا ہے۔ قومی ون ڈے ٹورنامنٹ ملتوی ہوچکا ہے ملک بھر میں کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہیں اس لئے کھلاڑیوں کو فٹ رکھنے کے لئے ان کے لئے پلان تیار کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال کے باعث اپنے تمام چھوٹے بڑے ملازمین کوبدھ کو تنخواہوں کی ادائیگی کر دی ہے۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ملک بھر میں لاک ڈائون کی صورتحال کے پیش نظرکیا گیا ہے کیوں کہ اکثر بینک بند ہیں اور پی سی بی چاہتا ہے کہ اے ٹی ایم سے ملازمین تنخواہیں نکلوا لیں تاکہ ان کے اہل خانہ کو مشکلات پیش نہ آئیں۔