سوشل میڈیا اسٹار ناس ڈیلی پاکستان آنے کے خواہشمند

June 30, 2020


عرب اسرائیلی سوشل میڈیا اسٹار نصیر یاسین المعروف ناس ڈیلی نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

اپنے ایک انٹرویو میں ناس ڈیلی نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاش وہ پاکستان میں داخل ہو سکتے، لیکن وہ جانتے ہیں کہ اسرائیلی پاسپورٹ پر ایسا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان آ کر اپنے پرستاروں سے ملنے کا کوئی راستہ ڈھونڈنا چاہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اپنی مختصر مگر پُراثر ویڈیوز سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ناس ڈیلی اکثر و بیشتر حکومتِ پاکستان سے درخواست کر چکے ہیں کہ وہ انہیں اسرائیلی پاسپورٹ پر پاکستان آنے کی اجازت دیں۔

ناس ڈیلی کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان آنے کی اجازت دی جائے تا کہ وہ یہاں کے کلچر، لوگوں اور پاکستان کے بارے میں پوری دنیا کو آگاہ کریں۔

سوشل میڈیا پر کروڑوں فالوورز رکھنے والے ناس ڈیلی کے دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی چاہنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

ناس ڈیلی اسرائیل میں مقیم ایک فلسطینی گھرانے میں پیدا ہوئے، اور ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی۔

سوشل میڈیا اسٹار نے اعلی تعلیم کیلئے امریکا کی آئی وی لیگ کہلانے والی تمام بہترین یونیورسٹیوں میں داخلہ کی درخوست دی، لیکن ہارورڈ یونیورسٹی نے انہیں اسرائیل میں پسماندہ اقلیت سے تعلق رکھنے کی بنیاد پر مکمل اسکالرشپ دی، اور انہوں نے گریجویشن مکمل کیا۔

ناس ڈیلی معروف ٹریول وی لاگر ایلین تامیر کے ساتھ سنگاپور میں رہتے ہیں، گزشتہ برس ایلین نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور پاکستان کی محبت میں گرفتار ہوگئیں تھیں۔