جاپان10ہزار کورونا ٹیسٹنگ کٹس پاکستان بھجوائے گا

July 13, 2020

ٹوکیو(عرفان صدیقی) جاپان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی نے صرف پچیس منٹ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے اور اس کا نتیجہ فراہم کرنے والی ٹیکنالوجی کٹ تیار کرلی ، اس ٹیکنالوجی کو فوری طور پر پاکستان منتقل کرنے کے لیے پاک جاپان بزنس کونسل نے جاپانی کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں جس کے تحت دس ہزار ٹیسٹنگ کٹ ابتدائی طورپر پاکستان منتقل کی جائیں گی۔پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک کورونا ٹیسٹ کے نتائج کے لیے چوبیس سے بہتر گھنٹے تک انتظار کیا جاتا ہے تاہم نئی ٹیکنالوجی کے زریعے اب پچیس منٹ میں کورونا وائرس کا نتیجہ حاصل کیا جاسکے گا جبکہ اس کا ٹیسٹ کرنا بھی انتہائی آسان ہوگیا ہے۔ رانا عابد حسین نے بتایا کہ وہ پاکستان میں شاہد آفریدی فاونڈیشن کے ساتھ مل کر یہ ٹیسٹنگ کٹ پاکستان میں متعارف کرائیں گے تاکہ غریب اور نادار افراد کے لیے اس ٹیسٹنگ کٹ کو استعمال کیا جائے ، ابتدائی طور پر دس ہزار ٹیسٹنگ کٹ پاکستان منتقل کی جائیں گی۔