برطانیہ میں اسکول کھلنے کے باعث سڑکوں پر رش بڑھنے لگا

September 22, 2020

سٹیفورڈ( مریم فیصل )برطانیہ کی سڑکوں میں دوبارہ سے رش بڑھنے لگا ہے ۔اسکول کھلنے کے باعث رش آورز کی واپسی ہوگئی ہے ۔ صبح کے اوقات ،جب والدین بچوں کو اسکول چھوڑنے جاتے ہیں ان کی وجہ سے بھی سڑکوں پر رش لگا ہوتا ہے اور جب چھٹی کے اوقات شروع ہوتے ہیں اس وقت بھی رش بڑھ جاتا ہے ۔ایک معروف انشورنس کمپنی کے مطابق رش میں اضافے کی وہی سطح ہے جو وائرس کے پھیلنے سے پہلے تھی ۔ کمپنی کے مطابق سفر کرنے کے لئے اب سب سے زیادہ گاڑیوں پر بھروسہ کیا جارہاہے ۔ ادارہ برائے قومی اعدادوشمار کے مطابق بیس فیصد لوگ گھروں سے کام کر رہے ہیں ۔ جبکہ انشورنس کمپنی کے مطابق سڑکوں پر رش کی اہم وجہ اسکولوں کا کھلنا ہے کیونکہ وائرس کی وجہ سے لوگوں کی فی الوقت پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی ترجیح کم ہے اس لئے بچوں کو پڑھانے کے لئے لے جانا یا کھیل کے لئے ، والدین اپنی ہی گاڑیوں کا استعمال زیادہ کر رہے ہیں ۔