ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے کو ’آرٹسٹ‘ قرار دیدیا

September 29, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے بیٹے اذہان ملک کی نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ثانیہ مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے بیٹے اذہان ملک کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ بلیک بورڈ پر رنگین چاک کی مدد سے مصوری کرنے کی کوشش کرتے نظر آرہے ہیں۔

انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے اذہان ملک کو آرٹسٹ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ واقعی حیرت انگیز ہے کہ اس چھوٹے سے بچے کا دماغ کتنا ذہین ہے۔‘

ثانیہ مرزا نے لکھا کہ ’اذہان کو ڈرائینگ اور ڈانس کرنا بہت پسند ہے اور بطور والدین یہ ہمارے لیے بے حد ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں اور اُنہیں اپنے خیالات میں خود مختار رہنے دیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میرا بیٹا آج کل ایک ’طوطے‘ کی طرح بولتا ہے مطلب وہ ایک ہی بات کو بار بار دُہراتا ہے لیکن میں یہ سمجھنے کی کوشش کرتی ہوں کہ آخر وہ کیا کہنا چاہ رہا ہے۔‘

ثانیہ مرزا نے مزید لکھا کہ ’سچ تو یہ ہے کہ میں ہر روز اُس سے نئی چیزیں سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں اور اُن چیزوں کا موازنہ بھی کرتی ہوں جو وہ مجھ سے روزانہ سیکھتا ہے۔‘

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اکثر سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے اذہان کے لیے محبت بھرے پیغامات جاری کرتی رہتی ہیں۔