بھارت اپنے ہمسایہ ممالک کے لیے خطرہ ہے، وزیراعظم عمران خان

October 30, 2020

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو فسطائی ریاست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان سمیت اپنے پڑوسی ممالک کے لیے خطرہ ہے۔

جرمن جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ بھارت اپنے ہمسایہ ممالک چین، بنگلا دیش، سری لنکا اور پاکستان کے لیے خطرہ ہے، بھارت کی حکومت برصغیر میں سب سے زیادہ شدت پسند اور نسل پرست ہے، یہ ایک فاشسٹ ریاست ہے جو نازیوں سے متاثر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ہے پاکستان چاہتا ہے کہ امریکا اس سے بھارت کے معاملے میں برابری کا سلوک کرے، خصوصاً کشمیر کے تنازع پر۔ مسئلہ کشمیر خطے کا اہم ترین ایشو ہے جو کبھی بھی بھڑک سکتا ہے۔


امریکی انتخابات کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن امریکی پولز میں سرفہرست ہیں لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی غیر معمولی سیاستدان ہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ نائن الیون میں پاکستان کا کوئی کوئی کردار نہیں تھا، امریکا پر دہشت گرد حملے کے بعد ہمیں اپنی فوج کو جنگ میں نہیں جھونکنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کی جنگ میں شامل ہونے کی میں نے شروع دن سے مخالفت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نائن الیون کے بعد امریکا نے پاکستان پر دباؤ ڈالا اور پرویز مشرف دباؤ برداشت نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً آدھی سے زیادہ آبادی یومیہ اجرات پر کام کرتی ہے۔ غریب عوام کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ملک میں کورونا وائرس کے دوران اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران ہم نے زیادہ متاثرہ علاقوں کا لاک ڈاؤن کیا، ہم نے اس دوران بھی اپنا زرعی شعبہ بند نہیں کیا اور جلد ہی تعمیرات کا شعبہ بھی کھول دیا۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ملک میں ایک ہفتے کے دوران تقریباً 2 لاکھ کے قریب افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، امید ہے کہ ہم وبائی مرض کی دوسری لہر سے بھی کامیابی سے نکل جائیں گے۔