بی ایف اے کی کارروائی میں گوشت کی دکان سیل‘متعدد کو جرمانہ

November 24, 2020

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے مراکز کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک گوشت کی دکان سیل کردی گئی جبکہ پانچ دیگر میٹ شاپس سمیت چار ہوٹلوں اور دو فاسٹ فوڈ کارنرز پر جرمانے عائد کئے گئے ۔میٹ شاپس کے خلاف بی ایف اے حکام کی بارہا تنبیہ و اصلاحی نوٹسز کے باوجود دکانوں کے باہر گردوغبار میں گوشت لٹکانے ، دکانوں کے اندر و احاطے میں جانوروں کو ذبح کرنے ، فریزرز میں باسی گوشت کی سٹوریج ، صفائی کے ناقص انتظامات اور گندے اوزار استعمال کرنے ، ہوٹلوں کے خلاف صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال ، ملازمین کی جانب سے ذاتی صفائی کا خیال نہ رکھنے پر کارروائی کی گئی جبکہ فاسٹ فوڈ کارنرز کو کھانوں کی تیاری میں ممنوعہ ومضرصحت چائنیز نمک اور نان فوڈگریڈ کلرز کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔سریاب روڈ اور ایئرپورٹ روڈ کے علاقوں میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی دو مختلف ٹیموں نے ہوٹلوں ،گوشت کی دکانوں ، جنرل سٹورز ، بیکرز اور فاسٹ فوڈ کارنرز کا معائنہ کیا ،بی ایف اے حکام نے متعدد ملک شاپس میں فروخت کئے جانے والے دودھ کا معیار جانچنے کیلئے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے جن کے نتائج تسلی بخش پائے گئے۔درایں اثناء بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہان و اساتذہ کو فوڈ سیفٹی اور بچوں کو معیاری و محفوظ کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے ،اس ضمن میں سکولوں و کالجز کے منتظمین کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے خصوصی ہدایت نامے(ایس او پیز)کے بارے آگاہی دی جارہی ہے۔