اسٹاک مارکیٹ، کاروبار بند نہ کرنے کے اعلان سے تیزی، 653 پوائنٹس کا اضافہ

November 27, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کورونا کے باعث کاروبار بند نہ کرنے کے واضح اعلان کے بعد مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث خریداری میں اضافے سے زبردست تیزی ،کے ایس ای100انڈیکس 653پوائنٹس کے اضافے سے 41ہزار کی حد بھی بحال ہو گئی ،75.06فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ،سرمایہ کاری مالیت میں91ارب 78کروڑ 7لاکھ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم بھی 60.85فیصد زیادہ رہا ،تفصیلات کے مطابق جمعرات کو مارکیٹ کا آغاز ہی مثبت ہوا ، وزیر اعظم کے اس بیان پر کہ کورونا کے باوجود کاروبار اور فیکٹریاں بند نہیں کریں گے سرمایہ کاروں نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر خریداری کی اور شیئرز کی خرید وفروخت گذشتہ روز کی نسبت 14کروڑ 72لالاکھ 47ہزار شیئرز کے اضافے سے 24کروڑ 19لاکھ سے بڑھ کر 38کروڑ 91لاکھ شیئرز تک پہنچ گئی ،خریداری میں اضافے سے کے ایس ای100انڈیکس 653.49پوائنٹس کے اضافے سے 40377.54سے بڑھ کر 41031.03 پوائنٹس پر آگیا ،کے ایس ای30انڈیکس بھی 278.41 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 17294.79 پوائنٹس ہو گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 350.55پوائنٹس بڑھ کر 28796.29پوائنٹس پر بند ہوا ۔