’تیرھویں عالمی اُردو کانفرنس‘ 3 تا 6 دسمبر آرٹس کونسل کراچی میں ہوگی

November 28, 2020

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام ’تیرھویں عالمی اُردو کانفرنس‘ 3 تا 6 دسمبر 2020ء آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی، کورونا وائرس کی وبا کے باعث اسے محدود کردیا گیا، جبکہ کانفرنس زیادہ تر ڈیجیٹل ہوگی۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کراچی آرٹسل کونسل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تیرھویں عالمی اُردو کانفرنس کی تاریخ کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ تیرھویں عالمی اُردو کانفرنس 3 تا 6 دسمبر 2020ء آرٹس کونسل کراچی میں جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وباء کے باعث پوری دُنیا کا ماحول تبدیل ہوچکا ہے ہم نہیں چاہتے کہ عوام کی صحت متاثر ہو، اسی لیے سوچ بچار اور انتظامیہ سے مشاورت کے بعد کانفرنس کا انعقاد کر رہے ہیں۔

صدر آرٹس کونسل کراچی نے کہا کہ کانفرنس میں پاکستان کی علاقائی زبانوں، سندھی، بلوچی، سرائیکی، پشتو اور پنجابی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پروگرام میں بیادِ آصف فرخی کے علاوہ ممتاز شخصیات کے ساتھ سیشن بھی منعقد ہوں گے جس میں انور مقصود اور ضیاء محی الدین سمیت اردو ادب کی ممتاز شخصیات اور معروف صحافی شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اُردو کانفرنس میں کتابوں کی رونمائی، نوجوانوں کا مشاعرہ، اردو نظم ۔ سو برس کا قصہ، اردو ناول کی ایک صدی، نعتیہ اور رثائی ادب کی ایک صدی، سرائیکی زبان اور ادب، تاریخی جائزہ، بلوچی ز بان و ادب کے سو برس، پاکستان میں فنون کی صورتحال، ہمایوں سعید سے ملاقات، محفلِ موسیقی، اردو افسانے کی ایک صدی، اردو غزل کا سو سالہ منظر نامہ، یادِ رفتگاں، پشتو زبان و ادب کے سو برس، پنجابی زبان و ادب کے سو سال، ہماری تعلیم کے سو برس، کُلیاتِ جوش، اور پھر یوں ہوا (مظہر عباس)، اردو صحافت کے سو برس، اردو کا شاہکار مزاح (ضیاء محی الدین)، عالمی مشاعرہ، اردو تنقید و تحقیق کے سو برس، اردو میں ایک صدی کا نثری ادب، یارک شائر ادبی فورم، بچوں کا ادب، سندھی زبان و ادب کے سو برس، ہمارے ادب اور سماج میں خواتین کا کردار، کہانی: ’زندگی سے پہلے‘، سہیل احمد سے ملاقات اور انور مقصود پر سیشن منعقد ہوں گے۔

صدر آرٹس کونسل نے بتایا کہ کانفرنس میں مسعود قمر (سویڈن)، فرحت پروین (امریکہ)، طاہرہ کاظمی (مسقط)، غزل انصاری (یو کے) جبکہ زہرا نگاہ، اسد محمد خاں، کشور ناہید، افتخار عارف، پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، حسینہ معین، شاہ محمد مری، زاہدہ حنا، نور الہدیٰ شاہ، یوسف خشک، شمیم حنفی، نعمان الحق، سحر انصاری، نجیبہ عارف، افتخار عارف، افضال احمد سیّد، وجاہت مسعود، فاطمہ حسن، عذرا عباس، عنبرین حسیب عنبر، مبین مرزا، شیر شاہ سیّد، امینہ سیّد، حارث خلیق، غزل آصف، تنویر انجم، ضیاء الحسن، فراست رضوی، ریاض مجید، نذیر لغاری، شیما کرمانی، شاہد رسام، شاداب احسانی، رﺅف پاریکھ، اباسین یوسف زئی، عاصمہ شیرازی، شہناز وزیر علی، انیس ہارون، غازی صلاح الدین، وسعت اللّٰہ خان، وسیم بادامی، مسلم شمیم، سید مظہر جمیل، امداد حسینی، نور الہدیٰ شاہ، حسن منظر کے علاوہ مشہور و معروف شخصیات شرکت کریں گی۔

پریس کانفرنس میں سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی، خازن قدسیہ اکبر اور منور سعید کے ہمراہ اراکین گورننگ باڈی کی بڑی تعداد موجود تھی۔