اداکار کی اولاد کی بہتر کارکردگی کو ’اقربا پروری‘ کہہ دیا جاتا ہے : احد رضا میر

January 21, 2021

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار احد رضا میر کا کہنا ہے کہ کسی بھی اداکار کی اولاد بہتر کارکردگی دکھائے تو سب اُسے نیپوٹزم(اقربا پروری) کہہ دیتے ہیں۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں انڈسٹری کے اس رویے سے پریشان احد رضا میر نے کہا کہا ایسے ڈاکٹرز بھی توموجود ہیں جن کے بچے ڈاکٹرز ہی بنتے ہیں، لوگوں کی نسلیں فوج میں ہوتی ہیں، سیاست میں ہوتی ہیں انہیں تو کوئی کچھ نہیں کہتا۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لیکن جیسے ہی ایک اداکار کا بچہ بہتر کارکردگی دکھاتا ہے تو سب اُسے نیپوٹزم کہہ دیا جاتا ہے۔

احد رضامیر نے کہا کہ مجھے لوگوں کی باتوں کا برا نہیں لگتا کیونکہ لوگوں کو سوال کرنے کا حق ہے وہ جو بھی کہتے ہیں انہیں کہنے کا حق ہے۔

آصف رضا میر کے بیٹے احد رضا میر کا پاکستان میں کرئیر بنانے کے حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان میں میری جڑیں ہیں، میرے دادا اور والد اس انڈسٹری کا حصہ رہ چکے ہیں لہذا میں سمجھتاہوں یہ فطری تھا کہ اب یہاں کی انڈسٹری میں کام کرنے کا وقت آگیا ہے۔