یورپین یونین نے مذہب و عقیدے کی آزادی کے فروغ کیلئے نمائندہ خصوصی مقرر کردیا

May 05, 2021

یورپین یونین نے مذہب یا عقیدے کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کردیا، اس کا اعلان آج یورپین کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے میں کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق یورپین کمیشن نے فوری طور پر یونان سے تعلق رکھنے والے ایک سیاستدان کرسٹوس سٹائیلیانیدس کو یورپین یونین سے باہر مذہب اور عقیدے کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کیا۔

اس حوالے سے یورپین کمیشن نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا کے بہت سے حصوں میں مذہب اور عقیدے کی آزادی خطرے میں ہے۔

یورپین کمیشن کا کہنا تھا کہ آج کی تقرری اس بات کا اظہار ہے کہ یورپین یونین اس مسئلے سے نمٹنے اور تمام مذاہب و عقائد کو عزت دلانے کے لیے پُرعزم ہے۔

اعلامیے کے مطابق یہ نمائندہ خصوصی قومی اتھارٹیز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان گفتگو کو ان ممالک میں فروغ دینے کے لیے کردار ادا کریں گے جہاں مذہب اور عقیدے کے درمیان امتیاز برتا جاتا ہے۔