سیب کے سرکے کے صحت پر حیرت انگیز فوائد

May 07, 2021

سرکہ تقریباً ہر گھر میں پایا جاتا ہے مگر اس کا استعمال زیادہ تر چائینیز کھانوں کی ترکیب میں ہی کیاجاتا ہے جس کی بڑی وجہ لوگوں کا اس کی افادیت سے ناواقف ہونا ہے، عام گھروں میں استعمال ہونے والا اور خصوصاً سیب کا سرکہ انسان کی مجموعی صحت پر بے شمار طبی فوائد مرتب کرتا ہے جس سے متعلق جاننا اور اس کا باقاعدگی سے استعمال کرنا ضروری ہے۔

طبی و غذائی ماہرین کی جانب سے سرکے کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے جبکہ اس کے استعمال سے حاصل ہونے والے فوائد سائنس سمیت اسلامی تعلیمات سے بھی ثابت ہوتے ہیں، سرکہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی غذا کا حصہ بنایا جا سکتا ہے جس کے نتیجے میں انسانی صحت پر صرف فوائد ہی حاصل ہوتے ہیں جبکہ اس کے استعمال سے متعدد بیماریوں اور موسمی شکایات سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

سرکے کی مختلف اقسام

سرکہ کئی اقسام کا ہوتا ہے مثلاً سیب، گنے، ناریل، کھجور، شہد، کیوی فروٹ، چاولوں، سفید ( عام، سادہ) سرکہ اور کشمش کا سرکہ وغیرہ۔

سرکے کی دو اقسام دنیا بھر میں زیادہ استعمال کی جاتی ہیں جن میں سادہ اور سیب کا سرکہ سر فہر ست ہے اور ان کے فوائد بھی زیاد ہیں۔

سرکے کے استعمال کے نتیجے میں صحت پر آنے والے حیرت انگیز فوائد مندرجہ ذیل درج ہیں جنہیں جاننا اس کا باقاعدگی سے استعمال کرنا لازمی ہے۔

قوت مدافعت اور توانائی بڑھانے میں مددگار

ورزش کرنے والے افراد کے لیے سیب کا سرکہ حیرت انگیز طور پر فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، اس کے استعمال سے توانائی میں اضافہ اور جسمانی کارکردگی بڑھتی ہے، ورزش کے نتیجے میں جسم میں ہونے والے درد کو کم کرتا ہے اور متاثرہ پٹھوں کی بحالی کے کام میں مدد فراہم کرتا ہے۔

سرکے میں موجود پوٹاشیم سمیت دیگر اجزا تھکان کی کیفیت کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے ورزش کے بعد ایک یا دو چمچ سیب کے سرکے کو ایک گلاس میں پانی میں ملا کر پیا جا سکتا ہے۔

ذیابطیس کے لیے مفید

ماہرین صحت کے مطابق سیب کے سرکے میں ایسیڈک ایسڈ پایا جاتا ہے جو کہ ذیابیطس 2 کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

سیب کے سرکے کی کچھ مقدار روزانہ پینے سے بلڈ شوگر لیول متوازن رہتا ہے۔

تازہ سانسوں کے حصول کے لیے

سیب کے سرکے کے استعمال سے منہ سے آنے والی بدبو کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، سانس تروتازہ بنانے کے لیے سیب کے سرکے سے غرارے کریں یا ایک چائے کا چمچ پانی میں ملا کر پی لیں تاکہ بو پیدا کرنے والے بیکٹریا کا خاتمہ ہوسکے۔

بڑھے ہوئے کولیسٹرول کے لیے مفید

تحقیق سے یہ ثابت ہوتا ہے سر کے میں پائے جانے والے ایسیڈک ایسڈ کے سبب خراب کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے، ایک جاپانی تحقیق کے مطابق روزانہ کچھ مقدار میں سیب کا سرکہ استعمال کرنے سے خون میں کولیسٹرول کی سطح متوازن رہتی ہے۔

تیزابیت سے نجات دلائے

سینے میں جلن یا معدے میں تیزابیت کی شکایت ہے تو 2 چائے کے چمچ سیب کے سرکے کو ایک گلاس پانی میں ملائیں اور کھانے کے دوران پی لیں، سیب کا سرکہ معدے کی تیزابیت کو کم کرتا ہے جبکہ غذائی نالی اور معدے میں تیزابیت بڑھنے سے بچاتا ہے۔

وزن میں واضح کمی

سیب کا سرکہ جسمانی وزن میں کمی کے لیے بھی فائدہ مند ہے، اس میں موجود ایسیڈک ایسڈ بھوک کم کر کے میٹابولزم کو تیز کرتا ہے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکہ جسم کے نظام ہاضمہ کو بھی تیز کرتا ہے اور کیلوریز کو جلنے میں مدد دیتا ہے۔

ایک انٹرنیشنل سروے کے مطابق موٹاپے کا شکار 175 افراد کو تین ماہ کے دوران بلا ناغہ سیب کا سرکہ پلایا گیا، جن رضاکاروں نے ایک چمچ سیب کا سرکہ استعمال کیا تھا انہوں نے 2.6 پاؤنڈ وزن کم کیا اور جن رضاکاروں نے روزانہ 2 چمچ سیب کا سرکہ استعمال کیا تھا ان کے وزن میں اس عرصے کے دوران 3.7 پاؤنڈ کی کمی دیکھنے میں آئی تھی۔

جسم کے درد میں آرام

ماہرین کے مطابق ٹانگوں اور جوڑوں کے درد میں سیب کا سرکہ بے حد مفید ہے، ٹانگوں کے درد میں جلد افاقے کے لیے دو چمچ سیب کا سرکہ ایک گلاس نیم گرم پانی میں شامل کرکے دن میں دو مرتبہ پیا جاسکتا ہے۔

اس میں موجود الکلائن خون میں شامل یورک ایسڈ کو ختم کرتا ہے اور اس میں موجود پوٹاشیم، کیلشیم اور دوسرے منرلز درد اور سوزش میں آرام پہنچاتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق سیب کا سرکہ گردے سے پتھری کے اخراج میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے،سرکے میں موجود ایسیڈک ایسڈ گردے سے پتھری کے اخراج کا باعث بنتا ہے۔

سیب کے سرکے میں 3 طرح کے ایسڈ ہوتے ہیں اور جب یہ جسم میں داخل ہوتے ہیں تو اس کی تاثیر الکلائن (جو جسم کے لیے انتہائی مفید ہے) جسم کو فائدہ پہنچاتی ہے۔

سرکے کے استعمال کے خوبصورتی پر فوائد

سیب کا سرکہ ایک قدرتی ٹانک ہے جو جِلد کو صحت مند بناتا ہے، اس کی جراثیم کُش خوبیاں کیل مہاسوں کو کنٹرول میں رکھتی ہیں۔

سیب کے سرکہ میں موجود’ ہائیڈروکسل‘ خصوصیت جِلد کو مردہ خلیات سے نجات اور صحت مند و چمکتی ہوئی جِلد کے حصول میں مدد فراہم کرتی ہے۔

سیب کا سرکہ اینٹی ایجنگ خصوصیات کا بھی حامل ہے، چہرے کی جِلد سے جھریوں اور بڑھتی عمر کے اثرات کو ختم کرنے کے لیے سرکہ میں ہم وزن پانی ملا کر روئی کے ذریعے سیب کا سرکہ چہرے پر لگائیں، 30منٹ تک سرکہ لگا رہنے دیں اور اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں، 6 ہفتوں تک یہ عمل ہفتے میں دو بار آزمائیں۔

وائرل بیماریوں کے لیے مفید

نزلہ زکام، جِلدی انفیکشن کا شکار افراد کے لیے سیب کا سرکہ نہایت مفید ثابت ہوتا ہے، اس میں موجود پوٹاشیم ناک کو کھولتا ہے جبکہ ایسیڈک ایسڈ وائرس کی شدت کو کم کرتا ہے۔

استعمال اور احتیاط

سیب کا سرکہ استعمال کرنے کے منفرد طریقے ہیں، روزمرہ کے کھانوں میں بھی سیب کا سرکہ ڈال کر کھا سکتے ہیں اور اسے سلاد کی ڈریسنگ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کچھ لوگ اسے مشروبات یا پانی میں ملا کر بھی پینا پسند کرتے ہیں۔

طبی ماہرین کی جانب سے سیب کے سرکے کا زیادہ استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

اس کے استعمال کے آغاز میں ایک گلاس پانی میں سرکہ کے دو چمچ استعمال کریں اور آہستہ آہستہ مقدار بڑھا سکتے ہیں۔

سیب کے سرکے کی بہت زیادہ مقدار بھی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔