سندھ کا دستر خوان

May 08, 2021

چند روز بعد عید الفطر آرہی ہے اور تمام امت مسلمہ عید کی خوشیاں منانے میں مصروف ہوجائے گی۔ اسے عید سعید یا میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے۔ اس دن برصغیر کی خواتین مختلف اقسام کے پکوان تیار کرتی ہیں لیکن میٹھے پکوانوں کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ سندھ میں بھی عید کےتہوار کی مناسبت سے کھانے تیار کیے جاتے ہیں ۔سوئیوں سمیت مختلف اقسام کی میٹھی ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔ گھر کے مرد جب عید الفطر کی نماز پڑھ کر گھر لوٹتے ہیں تو ان کی تواضح شیر خورمہ سے کی جاتی ہے۔ آج ہم میٹھی عید کے حوالے سے مختلف اقسام کی سوئیاں بنانے کی ترکیب بتاتے ہیں۔

سندھ کا روایتی شیر خرما

اجزاء: سوئیاں:ایک پاؤ، دودھ: 1 لیٹر، کھجور (خشک): 7-8، بادام: 10عدد، پستہ: 12عدد، سیاہ کشمش: 1/2 کپ، گھی: 2 کھانے کے چمچے، گرین الائچی: 6عدد، لونگ: 4عدد، چینی: 10-11کھانے کے چمچے یا حسبِ ذائقہ

ترکیب: کھجوروں کو ساری رات پانی میں بھگوئے رکھیں، پھر بھیگی ہوئی کھجوروں کو کاٹ لیں ۔ دودھ گرم کریں اور دودھ میں چینی ملا کےاسےاچھی طرح پکا لیں حتیّٰ وہ خوب گاڑھا ہوجائے۔ جب گاڑھا ہونے کے بعد اس میں بھیگی ہوئی کھجوریں ڈال کے کچھ دیر پکائیں اور آنچ دھیمی کر دیں۔ دوسرے چولہے پر ایک برتن رکھیں اور اس میں گھی شامل کریں۔ پھر سبز الائچی اور لونگ شامل کر کے اتنی دیر پکائیں کہ خوشبو آنے لگے۔

اس کے بعد بادام، پستہ شامل کریں اور انہیں ہلکا سا فرائی کرلیں اور اس مکسچر کو ایک طرف رکھ دیں۔ اب ایک پین لیں اس میں سوئیوں کو ہاتھوں کی مدد سے کچل کر اس پین میں ڈال کے گولڈن براؤن ہونے تک پکائیں۔ اس دوران بہت زیادہ توجہ ہوکہ سوئیاں جلیں نہیں۔ اب اس میں سیاہ کشمش شامل کریں اور درمیانی آنچ پر پکائیں۔ اب اس مرکب میں کھجوروں کے ساتھ پکا ہوا دودھ، بادام اور پستے شامل کریں۔ پھر تھوڑی دیر پکائیںکہ سوئیاں اچھی طرح پک جائیں۔ پھر خوشبو کے لیے تھوڑا کیوڑا شامل کریں۔ 20 منٹ تک پکائیں۔ مزے دار سوئیاں تیار ہیں۔ ٹھنڈی کر کے سرو کریں ۔

سوئیوں کا زردہ

اجزاء: سوئیاں 1 کلو ،گھی 1 کپ ،چینی حسب ذائقہ، پسی ہوئی چھوٹی الائچی تین عدد، پستہ، بادام، ناریل دو کھانے کے چمچ، زعفران یا زردہ رنگ تھوڑا سا

بنانے کی ترکیب:چینی میں دو کپ پانی ڈال کر شیرہ پکائیں۔ اس میںزردہ کا رنگ یا پسی ہوئی زعفران ڈال کر چمچہ چلائیں اور اتار لیں۔ گھی میں الائچی گرم کر کے سوئیاں بھون لیں۔ اب شیرہ ڈال کر سوئیاں پکائیں پانی خشک ہو جائے تو دم دیں۔ پستہ بادام اوپر سےسجائیں۔

کسٹرڈ سوئیاں

اجزاء:دودھ ایک لیٹر،چینی حسب ذائقہ،رنگین سوئیاں ایک پیالی،فریش کریم ایک پیالی،ونیلا کسٹرڈ پاؤڈر چار کھانے کے چمچے،ریڈ جیلی ایک پیکٹ (پیالے میں جمالیں)

بنانے کی ترکیب: ایک پیالی ٹھنڈے دودھ میں کسٹرڈ گھول لیں۔ سویاں الگ سے ابال لیں پھردیگچی میں دودھ ابال کر چینی ملائیں اور پہلے سے حل کیے ہوئے کسٹرڈ کو ابلے ہوئے دودھ میں شامل کر دیں۔ گاڑھا ہونے لگے، تو ابلی ہوئی رنگین سوئیاں شامل کر کے اچھی طرح ملا لیں،اس کے بعد چولہے سے اتارکر ٹھنڈا کرلیں۔ اب کسٹرڈ میں آدھی کریم ہلکے ہاتھوں سے ملائیں۔ اسی طرح آدھی جیلی بھی ملائیں، پھر بچی ہوئی کریم اور جیلی سے سجا دیں۔ ٹھنڈا ہونے کے بعد اہل خانہ اور مہمانوں کو پیش کریں۔

ربڑی کھیر

اجزاء:چاول ایک کپ، دودھ دوکلو، چینی ایک کپ یا حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈرآدھا چائے کا چمچ، کیوڑہ ایسنس دو سے تین قطرے، ربڑی ایک پاؤ (لچھے دار)، بادام اور پستہ حسبِ ضرورت۔

ترکیب: دودھ کو اتنا پکائیں کہ اُس کی رنگت ہلکی گلابی ہوجائے ، پھر دودھ میں چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ چاول اچھی طرح گَل جائیں، پھر اس میں چینی شامل کریں اور کچھ دیر پکائیں۔ اب الائچی پاؤڈر اور خشک میوے ڈال کر دس منٹ تک پکائیں۔ کھیر درمیانی گاڑھی ہونے لگے، تو چولہے سے اْتار لیں۔ ربڑی اور کیوڑہ ایسنس ڈال کر ہلکا مکس کرلیں۔ ڈش میں نکال کر ٹھنڈی کر کے سرو کریں۔