کامیاب ویکسی نیشن پروگرام، برطانیہ موسم سرما میں کورونا سے محفوظ رہے گا، کلائیورڈکس

May 13, 2021

راچڈیل(ہارون مرزا)برطانیہ میں ویکسین ٹاسک فورس کے سبکدوش ہونے والے سربراہ کلائیور ڈکس نے کہا ہے کہ کامیاب ویکسی نیشن پروگرام کے باعث ہم آنے والے موسم سرما میں کورونا وباء سے محفوظ رہیں گے، کلائیور ڈکس نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ جولائی کے اختتام تک ہر برطانوی شہری کو کم از کم کورونا ویکسین کی ایک خوراک مل جائے گی، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ آئندہ موسم سرما میں برطانوی عوام کورونا انفیکشن سے محفوظ رہیں گے ،حکومت کے اعدادوشمار کے مطابق برطانیہ میں کوویڈ ویکسین کی 50 ملین سے زیادہ خوراکیں تقسیم کی گئیں جن میں سے تقریبا 16.7 ملین افراد دوسری خوراک حاصل کر چکے ہیں ، کلائیور ڈکس نے کہا کہ ہمیں قوت مدافعت کے ردعمل کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جی سی وے آئی کے ایک معروف رکن پروفیسر ایڈم فن نے بین الاقوامی پروازوں کو شروع کرنے سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کر رکھا ہے کہ کوویڈ کی پابندیوں میں نرمی موسم گرما میں کورونا وائرس کے پھیلائو کا سبب بن سکتی ہے ۔امپیریل کالج لندن سے تعلق رکھنے والے پروفیسر نیل فرگوسن نے بھی حکومت کو گزشتہ ہفتے مشورہ دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ موسم گرما کے اختتام اور موسم خزاں کے شروع میں کورونا انفیکشن کے خدشات موجود ہیں تاہم ویکسی نیشن کے موثر عمل پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔