وزیراعلیٰ کی جانب سے قیدی خواتین میں کپڑے،مہندی،چوڑیاں تقسیم

May 13, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) رکن پنجاب اسمبلی و ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب سبین گل خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب جیلوں میں موجود قیدیوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنےکیلئے نہ صرف تحائف تقسیم کر رہی ہے بلکہ معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کی قید میں دو ماہ کا ریلیف بھی دیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے وومن جیل ملتان میں وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے خواتین قیدیوں اور ان کے بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کرنے کے موقع پرکی جبکہ اس مو قع پرپی ٹی آئی وومن ملتان سٹی کی جنرل سیکرٹری گلشن وڑائچ اور جوائنٹ سیکرٹری عصمت جبیں اور جیل سپرنٹنڈنٹ بھی ہمراہ تھیں۔اس موقع پر سبین گل خان نے وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے نئے کپڑے، مہندی، چوڑیاں اور بچوں میں سوٹ، کھلونے وکھانے پینے کی اشیاءتقسیم کیں،سبین گل خان نے مزید کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوامی ریلیف اور موجودہ لاک ڈاؤن میں کرونا سے بچاؤکے حوالے سے جہاں حفاظتی اقدامات کو فروغ دے رہی ہے وہاں مجبور اورلاچار جیلوں میں قید افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھارہی ہے اس مرتبہ عید سادگی اور ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے منائی جائیگی۔عوام الناس سے ہم یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنی نقل وحرکت کو محدود رکھیں گے اسی طرح عید کے موقع پر مستحقین سمیت جیلوں میں خواتین کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔