پاکستان میں افغان سفیر کی بیٹی کا اغواء بھارتی ڈرامہ تھا، ضیاء عباس

July 24, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر)سنیئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ افغان صورت حال میں دن بدن کشیدگی افغانستان میں بھارت کی بڑھتی ہوئی مداخلت کا نتیجہ ہے،پاکستان میں افغان سفیر کی بیٹی کا اغواء بھارتی ڈرامہ تھا جو دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، پاکستان میں ہونے والی انکوائری میں مدد کرنے کے بجائے افغان سفارتی عملے کو واپس بلانے کا مقصد اس سازش کے اہم کردار بھارت کو بچانا ہے تاہم اب پوری دنیا کے سامنے کشمیر اور افغانستان میں بھارت کی ہٹ دھرمی بے نقاب ہوچکی ہے جس کا مقصد پاکستان کو دہشت گرد ثابت کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ طالبان اور داعش کے پیچھے بھی جن ملکوں کی فنڈنگ ہے امریکا اور اس کے اتحادیوں کا اس کا نوٹس لینا چاہئے، دنیا میں امن کا سب سےبڑا دشمن بھارت ہے جس نے کبھی دل سے اپنے پڑوسی ملک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں تبدیلی لاتے ہوئے ہر سطح پر بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے لائےتاکہ افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو دھچکا نہیں لگ سکے۔