’ارطغرل غازی‘ کا معروف اداکار انتقال کرگیا

August 04, 2021

شہرۂ آفاق تُرک سیریز ارطغرل غازی کے مرکزی کردار ’ارطغرل‘ کے ماموں کا کردار ادا کرنے والے اداکار حسین اوزے 62 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے پروڈیوسر محمد بوزداغ نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ میں حسین اوزے کی موت سے متعلق اطلاع دی۔


دنیا بھر میں مقبول ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے ایک مایہ ناز کردار، ڈرامے میں ارطغرل غازی کے ماموں اور حائمہ خاتون کے بھائی کورکوت بے جسے پاکستانی خوشنود بے کے نام سے جانتے ہیں، کا کردار ادا کرنے والے اداکار حسین اوزے انتقال کرگئے ہیں۔

حسین اوزے 1959 کو پید اہوئے اور 1980 سے اب تک کئی ٹی وی ڈراموں، فلموں اور سیریل میں کام کیا۔

واضح رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ تاریخ کا بہترین ڈراما ہونے پر گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لئے منتخب ہوا ہے جس کو دیکھنے والوں کی تعداد 30 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور دنیا بھر کی 39 زبانوں میں اس کا ترجمہ کیا گیا ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان میں اس سیریز کو سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈرامہ ہمارے اسلامی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان میں اس سریز کے خوب چرچے رہے، ترک اداکاروں کو پاکستان میں موجود مداحوں کی جانب سے خوب پیار دیا گیا۔

تاریخ پر مبنی ترک ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ پاکستان میں نشر ہونے کے بعد لاکھوں پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن بنا۔

مسلم تاریخ سے شغف رکھنے والے پہلے ہی اس سیریز کے دلدادہ ہیں اور تقریباً پوری دنیا کو اس ڈرامے نے اپنی جانب راغب کیا ہوا ہے۔