منظور وسان نے شیخ رشید سے متعلق نیا خواب دیکھ لیا

August 05, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما منظور وسان نے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد سے متعلق نیا خواب دیکھ لیا۔

منظور وسان اکثر سیاسی نوعیت کے خواب دیکھتے رہتے ہیں، اب انہوں نے شیخ رشید سے متعلق ایک نیا خواب دیکھا ہے۔

اپنے بیان میں منظور وسان نے کہا ہے کہ انھوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے متعلق نیا خواب دیکھا ہے۔

منظور وسان کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن سے قبل شیخ رشید نئی جماعت میں شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ شیخ رشید احمد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ ہیں اور اپنی جماعت کے ہی ٹکٹ پر انھوں روالپنڈی سے 2018 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔

انتخابات سے قبل چیئرمین تحریک انصاف پی ٹی آئی کے ساتھ جلسوں میں شرکت کو دیکھتے ہوئے یہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ شیخ رشید احمد پی ٹی آئی کی کامیابی کی صورت میں عمران خان کی کابینہ کا حصہ ہوں گے۔

تحریک انصاف نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تو عوامی مسلم لیگ نے پی ٹی آئی کا اتحادی بننے کا فیصلہ کیا، اور جب کابینہ تشکیل دی گئی تو شیخ رشید کو اس میں وزیر ریلوے کا قلمدان سونپا گیا تھا۔

کابینہ میں ہوئی تبدیلی کے بعد شیخ رشید احمد سے ریلوے کا قلمدان واپس لے کر انھیں وزیر داخلہ بنا دیا گیا تھا۔