برطانیہ میں پرانی موسیقی کے شوقین افراد کیلئے کیسٹ فروخت کرنیوالی آخری دکان موجود

September 11, 2021

مانچسٹر(اے ایف پی) شمال مغربی انگلینڈ میں ایک انڈور مارکیٹ کی اوپری منزل کے ایک کونے میں کیسٹ فروخت کرنے والی آخری دکان موجود ہے۔شہر کی ایک ٹرام گاڑی سے بھی چھوٹے کمپیکٹ ریٹیل یونٹ میں مارز ٹیپس میں تقریباََ ایک ہزار کیسٹیں بھری ہوئی ہیں، کوکا کولا ریڈیو، بوم باکس، واک مین کیسٹ پلیئر کے ونٹاج ایڈیشنز اور ٹیپ سے متعلق دیگر لوازمات موجود ہیں۔اس کے شیلفس میں ایلوس پریسلے، فلورنس، مشین اور لیوس کیپالڈی جیسے ستارے سجے ہوئے ہیں، پس منظر میں کلاسک ٹریک صارفین کو اس دور میں لے جاتا ہے۔شریک بانی جیور جیو کاربون نے بتایا کہ 2019میں یہ دکان موسیقی کے شوقین افراد کے گروپ نے شروع کی ، 28 سالہ ہسپانوی ساؤنڈ انجینئر بورجا ریگیویرا اور ان کی 27 سالہ گرل فرینڈ موریا لورینزو نے ابتدائی طور پر صرف کیسٹ کیلئے مخصوص دکان شروع کرنے کی تجویز پیش کی۔30 سالہ اطالوی کاربون اور 28 سالہ صحافی اور موسیقار الیکس ٹیڈروس نے اس خیال کی حمایت کی اور اسٹور کو گروپ کے ریکارڈ لیبل میں ضم کر دیا۔لیڈی گاگا، دعا لیپا اور سیلینا گومز جیسے جدید دور کے فنکاروں نے حال ہی میں ٹیپ جاری کیں، جس سے 2020 میں برطانیہ میں کیسٹ کی فروخت 1 لاکھ 57ہزار تک پہنچ گئی جو 2003 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔کیسٹوں کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا آغاز 1960کی دہائی میں ہوا،1968 تک 86مختلف مینوفیکچررز نے دنیا بھر میں 24لاکھ ٹیپ پلیئر تیار اور فروخت کیے، 80 اور 90کی دہائی میں سی ڈی کے آنے کے بعد کیسٹ کی فروخت میں نمایاں کمی آئی۔