ارنب گوسوامی کا پاکستان مخالف جھوٹ پکڑا گیا

September 20, 2021

بھارتی صحافی ارنب گوسوامی ایک بار پھر سرکاری ٹی وی پر پاکستان کیخلاف جھوٹ بولتے پکڑے گئے، اس بار انہوں نے سرکاری ٹی وی پر پاکستان کیخلاف ایک ایسی من گھڑت سازش کی جس کی کوئی بنیاد ہی نہیں ہے۔

15 ستمبر کو نشر ہونے والے شو ’دی ڈیبیٹ‘ کی ایک قسط میں بھارتی صحافی ارنب گوسوامی نے دعویٰ کیا کہ افغانستان میں موجود اُن کے ’ذرائع‘ نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے افسران کابل میں سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر ٹھہرے ہوئے ہیں۔

اینکر ارنب گوسوامی نا صرف آن اسکرین جھوٹ بولتے رہے بلکہ یہ بھی کہتے رہے کہ ’میں اپنے ذرائع سے یہ بھی بتا سکتا ہوں کہ پانچویں منزل پر قیام پذیر پاکستانی افواج کے افسران نے کھانے کیلئے کیا منگوایا۔‘

حقیقت یہ ہے کہ ارنب گوسوامی جس ہوٹل کی بات کر رہے ہیں اس میں پانچویں تو کیا چوتھی منزل بھی نہیں۔ کابل میں موجود سرینا ہوٹل دو منزلہ عمارت پر مشتمل ہے۔

اگلے روز اسی پروگرام میں شریک پاکستانی مہمان عبد الصمد یعقوب نے اینکر کے ذرائع کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ’کابل میں سرینا ہوٹل کی صرف 2 منزلیں ہیں وہاں کوئی تیسری، چوتھی یا پانچویں منزل نہیں۔‘ لیکن اینکر نے ان کی بات پر کان نہ دھرا اور گڑبڑا گئے۔

سوشل میڈیا پر یہ کلپ تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں ارناب گوسوامی اور بھارتی میجر جنرل (ر) گگن دیپ بخشی بھی موجود ہیں۔

جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہونے کے بعد پاکستانی ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر ارناب گوسوامی کا نام سرفہرسٹ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

پاکستانی بھارتی اینکر کے اس جھوٹے پروپیگنڈے پر انہیں ٹرول کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی انتہا پسند میڈیا کی جانب سے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کرنا، بے بنیاد الزامات لگانا اور سفید جھوٹ بولنا کوئی نئی بات نہیں ۔