شادی سے قبل تھیلی سیمیا ٹسٹ کو لازمی قرار دیا جائے، صاحبزادہ محمدحلیم

September 21, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی)فرنٹیئر فائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمدحلیم نے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کو تھیلی سیمیا سے محفوظ رکھنے کے لئے تعلیمی اداروں میں داخلے اور شادی سے قبل تھیلی سیمیا ٹسٹ کو لازمی قرار دیا جائے اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ فرنٹیئر فائونڈیشن کی طرف سے پندرہ ٹیمیں تشکیل دے کر تھیلی سیمیا روک تھام کے لئے خیبر پختونخوا میں خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ صاحبزادہ محمد حلیم نے تھیلی سیمیا مہم بچائو مہم کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر فائونڈیشن کے تین مراکز پشاور کوہاٹ اور سوات میں تھیلی سیمیا ہیموفیلیا اور خون کی دوسری بیماریوں کے شکار چار ہزار سے زائد غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جا رہا ہے اور ان بچوں کو ہر چودہ روز بعد مفت خون بھی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ تینوں مراکز میں زیر علاج غریب بچوں کے والدین کو مفت کھانا بھی فراہم کیاجاتا ہے بلڈ کینسر کے سینکڑوں مریضوں کی جاں بچانے کے لئے انہیں مفت خون بھی فراہم کیا جا رہا ہے غریبوں کے مفت علاج کی وجہ سے فرنٹیئر فائونڈیشن غریبوں کے لئے امید کی کرن بن چکی ہے تھیلی سیمیا کے شکار ہزاروں مریضوں کی جان بچانا بہت بڑا کار خیر و صدقہ جاریہ ہے مخیر حضرات کو اس کار خیر میں شریک ہونے کے لئے فرنٹیئر فائونڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کرنی چاہئے۔