آزاد کشمیر کے عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے، کونسلر عمران حمید

September 25, 2021

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ )وٹفورڈ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت کونسلر عمران حمید ملک نے وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کے بیان کا خیرمقدم کرتےہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت ریاست جموں کشمیر میں تعلیم کے شعبے کے ساتھ بجلی کے بحران، ونڈ پاور،سولر سسٹم، شمسی توانائی، ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، میرپور انٹرنیشنل ائر پورٹ کا قیام ،آزاد کشمیر کو پاک چائینہ کوریڈور کے قومی منصوبوں شعبوں کو روڈ میپ میں شامل کیا جائےجوعوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ کونسلر عمران حمید ملک نے کہا کہ آزاد خطہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے ۔ یہاں دریاؤں کے ساتھ بڑے بڑے دریائی نالے ہیں جہاں عوام کی سہولت کےلئے آسانی سے بجلی پیدا کر کے بجلی کے بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ مذید یہ کہ آزاد کشمیر میں یورپ کی طرح دریاؤں کے ساتھ بلند مقامات پر ونڈ پاور لگائے جائیں تاکہ عوام کو سستی بجلی دی جائے، دوسرا آزاد کشمیر میں عوام کو شمسی توانائی سولر سسٹم کے ذریعے بجلی دینے کے لیے پلاننگ کی جائے ۔کونسلر عمران حمید ملک نے وزیراعظم آزاد کشمیر قیوم نیازی سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر میں گورنمنٹ ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا اعلان کریں ۔ ضلع کوٹلی میں رحمان برج کی جگہ دوبارہ پل کی تعمیر کےلئے فوری نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کئے جائیں، موجودہ روڈ اور پل انتہائی خطرناک جگہ تعمیر کئے گئے ہیں جو آئے روز حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔