بہت جلد منگنی کرلوں گا: وکی کوشل

October 17, 2021

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف کے قریبی دوست اور اداکار وکی کوشل نے اپنی اور کترینہ کی منگنی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت جلدی منگنی کرلیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کی وکی کوشل اور کترینہ کیف نے منگنی کرلی ہے اگرچہ افواہیں جھوٹی نکلی تھیں، تاہم اب اداکار کی جانب سے ان افواہوں پر ردّعمل دیا گیا ہے۔

وکی کوشل نے ایک خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ خبریں پھیلائی گئیں کہ میں نے اور کترینہ نے منگنی کرلی ہے لیکن میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ وقت آنے پر میں جلد ہی منگنی کر لوں گا۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ اداکارہ کترینہ کیف نے وکی کوشل سے منگنی کرلی ہے۔

تاہم اس کے بعد بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکی کے بھائی سنی کوشل نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا تھا۔

سنی کا کہنا تھا کہ جب اس طرح کی باتیں سامنے آئیں تو ہمیں ہنسنے کا بھرپور موقع ملا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ میرے والدین نے ان افواہوں کے بعد وکی سے مذاق کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ "تم مٹھائی کب کھلارہے ہو؟"

بھائی نے ہنستے ہوئے بتایا تھا کہ جب والد نے مٹھائی کا مطالبہ کیا تو وکی کا کہنا تھا کہ "جب منگنی ہی خیالی ہے تو پھر مٹھائی بھی خیالی ہوگی۔"

واضح رہے کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف کے درمیان گزشتہ کئی عرصے سے قریبی تعلقات قائم ہیں اور افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ مستقبل میں دونوں شادی کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔