• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا


ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا، کراچی سے لےکر خیبر اور گلگت سے گوادر تک عید میلاد النبیﷺ کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔

کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، محافلِ میلاد کا اہتمام کیا گیا، اس دوران گلہائے عقیدت نچھاور کیے جاتے رہے، بچے بھی پیش پیش رہے۔

جشن میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے نذر و نیاز کا بندوبست بھی کیا گیا، کہیں منوں وزنی کیک تیار کیے گئے تو کہیں منہ میٹھا کرنے کے لیے میوہ جات اور مٹھائیوں کا اہتمام کیا گیا۔

عید میلاد النبیﷺ میں عمارتوں کو دیدہ زیب روشنیوں سے سجایا گیا، شاہراہوں پر سبز پرچموں کی بہار نظر آئی۔

گنبد خضریٰ اور خانہ کعبہ کے خوبصورت ماڈل بھی دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

درود و سلام اور نعتیہ کلام سے ملک بھر میں تمام دن مولائے کُل محمد مصطفی ﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار کیا جاتا رہا، گھروں میں بھی محافل میلاد سجائی گئیں۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

ملتان میں عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس دہلی گیٹ سے نکالا گیا، جس کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔

12ربیع الاوّل کے سلسلے میں 2 سو من سوجی کا حلوہ تیار کیا گیا، حلوہ تیار کرنے کے لئے 4 سو کلو گھی، 16 سو کلو چینی، 4 سو کلو سوجی، 10 من کھوپرا، 10 من خشک کھجور، 10من خشک میوہ جات،1 ہزار انڈے ، 1 من رس گلہ اور 1من کھویا استعمال کیا گیا۔

فیصل آباد میں جشن عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس جامعہ مسجد جھنگ بازار سے برآمد ہوا جبکہ چوک گھنٹہ گھر میں63 پاونڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔

رحیم یار خان میں سرور کونین محمد مصطفیٰ ﷺ سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے 700 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔

گوجرانوالہ میں عید میلاد النبیﷺ پر ریلیوں اور جلوس کے شرکاء کے لیے بادام، پستہ اور کاجو سے بنی 100 من کھیر کی دیگ تیار کی گئی۔

جہلم، راجن پور، بہاولپور، بہاول نگر، کمالیہ، بورے والا، وہاڑی، میاں چنوں، حافظ آباد اور منڈی بہا الدین سمیت پنجاب بھر میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔

سکھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس درگاہ شیخ شہین روڈ سے نکالا گیا جبکہ حیدر آباد میں مختلف مقامات سے جشن عید میلادالنبیﷺ کے جلوس نکالےگئے۔

ٹھٹھہ میں میرپورساکرو کی ساحلی پٹی پر ماہی گیروں نے لانچوں پر محفل میلاد منعقد کی ادھر ڈی آئی خان میں جشن عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس تاج مسجد سے نکالا گیا۔

بنوں، مردان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں بھی عاشقان رسولﷺ نے جشن عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام سے منایا۔

رحمت اللعالمین ﷺ کی ولادت کے دن کی خوشی میں میرپور آزاد کشمیر بھمبر، نکیال، سماہنی اور دھیر کو ٹ سمیت آزاد کشمیر بھر جبکہ گلگت، استور، دیامر میں بھی جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔

تازہ ترین