• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئیڈش ایوانوں میں ای میلز اور خطوط کے ذریعہ مسئلہ کشمیر اجاگر کیا جائے، ڈاکٹر ظہور احمد

اسٹاک ہوم (نمائندہ جنگ ) کشمیر کونسل سویڈن کی جانب سے آزاد کشمیر کی پہلی دستور ساز اسمبلی اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کےغاصبانہ تسلط کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں سفیرِپاکستان ڈاکٹر ظہور احمد اور سویڈن کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹ کی جانب سے آندرس تیگر نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغازجنرل سیکرٹری کشمیر کونسل سویڈن وحید احمد نے کیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظہور احمد کا کہنا تھا کہ سویڈن میں مقیم پاکستانی اور کشمیر کمیونٹی سویڈن کی شہریت کی بھی حامل ہے ، لہٰذا ہمیں یہاں کے ایوانوں تک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے بذریعہ خطوط یا ای میل بھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو بے نقاب کرنا چاہئے۔کرسچن ڈیموکریٹ کے آندرس تیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری سیاسی جماعت کشمیر میں ہونے والے مظالم کے حوالے سے نا صرف سویڈش پارلیمنٹ بلکہ یورپین پارلیمنٹ میں بھی آواز اٹھانے کا عہد کرتی ہے۔ کشمیر کونسل سویڈن کے کوآرڈینیٹرسعید شیخ نے کہا کہ ہمیں علامتی احتجاج کے بجائے عملی طور پر متحرک ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ کشمیر کونسل سویڈن کے چئیرمین راجہ ظفر اور صدر سردار تیمور کی جانب سے سویڈن کی پارلیمنٹ میں تحریری مراسلہ جمع کروایا گیا۔ تقریب میں پاکستانی مقامی شعراء ملک ایوب اور سہیل صفدر نے کشمیر پر لکھی اپنی نظمیں شرکاء کو سنائیں۔ تقریب سے حافظ سجاد، ارشد خان ملتانی، غلام محمد بھلی، بلال مصطفٰی، اشتیاق خان، مسعود منہاس، ملک شہزاد اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مالمو شہر سے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہان زبیر حسین اور محمد سرور نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر حریت رہنما سید علی گیلانی کے ایصالِ ثواب کے حوالہ سے خصوصی دعا اور 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

تازہ ترین