کراچی سے جڑے بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں آر سی ڈی ہائی وے پر ایک گاڑی میں دھماکے کے نتیجے میں آواران کے رہائشی ایک شخص جاں بحق جبکہ ان کے دو قریبی عزیز زخمی ہوگئے۔
حب پولیس کے مطابق واقعہ آر سی ڈی ہائی وے پر شارجہ ہوٹل کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق آواران بلوچستان کے رہائشی حاجی اکرم ساجدی اپنی گاڑی جا رہے تھے کہ آر سی ڈی ہائی وے پر گاڑی میں زوردار دھماکا ہوا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کراچی کے کنٹرول روم کے مطابق دھماکے سے گاڑی میں سوار تین افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر حب کے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں حاجی اکرم ساجدی جاں بحق ہوئے جبکہ ان کے قریبی عزیز کریم ساجدی اور ان کے چھوٹے بھائی رفیق زخمی ہوئے۔
جاں بحق ہونے والے حاجی اکرم ساجدی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ بلوچستان کے سرکاری اداروں میں اٹھتے بیٹھتے تھے اور انہیں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا خیز مواد گاڑی کے اندر موجود تھا، جسے مبینہ طور پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا۔
حب میں اسی مقام کے قریب 10 اکتوبر کی رات کو بھی اسی نوعیت کے کار بم دھماکے میں مقامی صحافی کو قتل کیا گیا تھا۔