سابق وزیراعظم اور اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ عمران خان حکومت کی تاریخی کرپشن ہے۔
پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ویڈیو لنک پر اپوزیشن اتحاد کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا۔
ن لیگی رہنما نے بتایا کہ اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت نے شرکت کی اور ملک کی سیاسی، معاشی صورتحال، مہنگائی، نیب آرڈیننس اور نام نہاد انتخابی اصلاحات پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں ملک کو درپیش داخلی و خارجی امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جبکہ ملک میں بدترین مہنگائی کی شدید مذمت کی گئی۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ اجلاس میں بجلی، گیس، پٹرول، آٹا، گھی، چینی، دوائی اور دیگر اشیائے کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت بجلی، گیس، پٹرول اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ واپس لےکر عوام کو فوری ریلیف دے کیونکہ مہنگائی کی بنیادی وجہ عمران خان حکومت کی تاریخی کرپشن ہے۔
پی ڈی ایم سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ آئی ایم ایف سے طے پانے والی شرائط عوام کے سامنےلائی جائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں صوبائی دارالحکومتوں میں بھرپور احتجاجی ریلیوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا، 13نومبر کو کراچی،17 نومبر کوئٹہ، 20نومبر کو پشاور میں پی ڈی ایم جماعتیں سڑکوں پرنکلیں گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم کی آخری ریلی لاہور میں ہوگی، جس کے بعد اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن مہنگائی لانگ مارچ ہوگا، اب تحریک عمران خان کو گھر بھجوا کر ہی ختم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے مہنگائی سے عوام کی کمر توڑ دی ہے، یہ عمران خان سے نجات کی تحریک ہے، عوام ایک لمحہ اس حکومت کو برداشت کرنے کو تیار نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ اجلاس نے نیب ترمیمی آرڈیننس، انتخابی اصلاحات، ای وی ایم اور انٹرنیٹ ووٹنگ کو بدنیتی قرار دے کر مسترد کردیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نام نہاد انتخابی اصلاحات پر حکومتی اقدامات 2018 کے الیکشن فراڈ سے بڑا فراڈ ہیں، اجلاس میں تمام جماعتوں نےعہد کیا کہ حکومتی سازش کو ناکام بنائیں گے۔
پی ڈی ایم سیکریٹری جنرل نے یہ بھی کہا کہ اجلاس میں عزم کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمان میں حق نمائندگی دیا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کےاندر اور باہر احتجاج کی حکمت عملی طےکر لی گئی، پارلیمنٹ میں تمام جماعتوں سے مل کر حکمت عملی بنانےکی ذمہ داری شہباز شریف کو سونپ دی گئی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اجلاس کا ڈسکہ دھاندلی رپورٹ میں قصور وار قرار پانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوا مسلط ٹولے نے ووٹ چوری کی، عملے کو اغوا کرایا، ووٹ چوروں اور اغوا کاروں کو سزائیں دی جائیں۔