معروف گلوکار سلمان احمد نے شعیب ملک کی اپنے ساتھ جنون گروپ کے گانے پر فارم کرنے کی ویڈیو شیئر کردی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے میچ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کے بعد سلمان احمد نے ان کے گانا گاتے ہوئے ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں سلمان احمد اور شعیب ملک جنون گروپ کے گانے ’ہے جذبہ جنون تو ہمت نہ ہار‘ کو ایک ساتھ گاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی اس ویڈیو کے کیپشن میں سلمان احمد نے شعیب ملک کو ٹیگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر نصف سنچری بنانے پر انہیں زبردست انداز میں خراج تحسین بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ آل راؤنڈر شعیب ملک نے پاکستان کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بنادیا۔
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف شعیب ملک نے صرف 18 گیندوں پر اپنی یہ نصف سنچری مکمل کی۔
شعیب ملک نے اپنی اننگز میں 6 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔
اس سے قبل پاکستان کی طرف سے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا۔
عمر اکمل نے ایجبسٹن کے مقام پر آسٹریلیا کے خلاف 21 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔
واضح رہے کہ شعیب ملک اس سے قبل 23 گیندوں پر دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نصف سنچری بناچکے ہیں۔
انہوں نے پہلے 2017 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف جبکہ دوسری مرتبہ 2018 میں سری لنکا کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔